بھارت

بھارت میں کورنا کی صورتحال بے قابو، 24گھنٹے میں271 افراد ہلاک،56ہزارمتاثر

نئی دہلی(رپورٹنگ آن لائن) دنیا کی سب سے بڑی کورونا ویکسی نیشن مہم کے دعویدار بھارت میں کورونا وائرس کی صورت حال خراب سے خراب تر ہوتی جارہی ہے جس کے باعث پوری قوم جان لیوا خطرے میں گھیری ہوئی ہے،گزشتہ 24گھنٹوں میں مزید 56ہزار 211افراد کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے، ملک میں کورونا سے متاثر ہونے والوں کی تعداد ایک کروڑ 20لاکھ 95ہزار اور 855ہوگئی ہے، مجموعی ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ 62ہزار 114ہوگئی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق وزارت صحت نے کہاکہ ملک میں کورونا کی صورتحال بد سے بدترین ہوتی جا رہی ہے اور اس وقت پوری قوم وبائی مرض کے ہلاکت خیز خطرے میں ہے،اس وقت بھارت میں فعال مریضوں کی تعداد 5لاکھ 40ہزار اور 720ہیں جو مجموعی انفیکشن کا 4.47فیصد ہیں جبکہ صحت یابی کی شرح مزید کم ہوکر 94.19فیصد رہ گئی،

اس وقت بھارت میں کورونا کی مقامی سطح پر تیار کردہ دو کورونا ویکسین لگانے کی مہم زور و شور سے جاری ہے اور 5کروڑ 46لاکھ 65ہزار اور 820افراد کو ویکسین لگائی جا چکی ہے، بھارت کورونا کے ٹیکے لگانے کی اپنی مہم کو دنیا کی سب سے بڑی ویکسی نیشن مہم قرار دیتا ہے۔