فضیلہ قاضی 8

بچوں کی بہترین تربیت والدین کی اولین ذمہ داری ہے، فضیلہ قاضی

لاہور( رپورٹنگ آن لائن)سینئر اداکارہ فضیلہ قاضی نے کہا ہے کہ بچوں کی اچھی تربیت والدین کی اولین ذمہ داری ہے اور ان کی شخصیت سازی میں گھر کے ماحول کا بنیادی کردار ہوتا ہے۔ ایک انٹر ویو میں انہوںنے کہا کہ بچوں کو صرف تعلیم دینا کافی نہیں بلکہ انہیں اخلاقیات، احترام اور ذمہ داری کا احساس بھی سکھانا ضروری ہے۔ والدین کو چاہیے کہ وہ بچوں کے ساتھ دوستانہ رویہ اختیار کریں تاکہ وہ بلا جھجھک اپنی بات شیئر کر سکیں۔

بچوں پر غیر ضروری پابندیاں لگانے کے بجائے انہیں محبت اور سمجھداری سے صحیح اور غلط میں فرق سمجھایا جائے۔ والدین کا اپنا طرزِ عمل بھی بچوں کی تربیت پر گہرے اثرات مرتب کرتا ہے۔ بچوں کو وقت دینا، ان کی بات سننا اور ان کی حوصلہ افزائی کرنا ان میں خود اعتمادی پیدا کرتا ہے۔ فضیلہ قاضی نے کہا کہ بہتر تربیت ہی بچوں کو ایک ذمہ دار، بااخلاق اور کامیاب انسان بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں