لندن(رپورٹنگ آن لائن)لیبر پارٹی کے نئے لیڈر اینڈی برنہم نے کہا ہے کہ وہ برطانیہ کو نئی راہ پر لے جانے کے لیے تیار ہیں۔وسطی لندن میں لیبر پارٹی کی خصوصی کانفرنس میں لیڈر منتخب ہونے کے بعد خطاب کرتے ہوئے انہوں نے سر کیئر اسٹارمر کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پارٹی کو تاریخی شکست کے بعد شاندار فتح دلائی، انہوں نے سر کیئر اسٹارمر کے دور میں اہم کامیابیوں کا بھی ذکر کیا۔
واضح رہے کہ سر کیئر اسٹارمر پیر کو بادشاہ چارلس کو اپنا استعفی پیش کریں گے، جس کے بعد بادشاہ اینڈی برنہم کو حکومت بنانے کی دعوت دیں گے۔اینڈی برنہم نے اس موقع پر مزید کہا کہ ان کے پاس منصوبہ ہے، ماضی میں ورکنگ کلاس کمیونٹیز سے منہ موڑ لیا گیا، مگر ہم نئی سیاست کے ذریعے انہیں امید دیں گے۔اینڈی برنہم نے پانچ نکاتی منصوبے کا اعلان کیا، جس کے مطابق لیبر پارٹی میں اندرونی لڑائیاں ختم کرکے ایک متحد لیبر ٹیم بنائی جائے گی، نئی سیاست متعارف کرائی جائے گی، کیونکہ یہ ہمارے پاس تبدیلی کا آخری موقع ہے، پارٹی کی سیاسی سمت بہتر بناتے ہوئے دوسری پارٹیوں کے ساتھ مل کر کام کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ وہ ملک کے ہر حصے کے لیڈر ہیں اور ملک کو ایک مشترکہ مقصد کے لیے متحد کرنے کا عہد کرتے ہیں۔اینڈی برنہم نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ ویسٹ منسٹر اور وائٹ ہال سے اختیارات منتقل کرکے مقامی افراد کو بااختیار بنایا جائے گا۔اینڈی برنم پیر کو ڈاوننگ اسٹریٹ منتقل ہونے کے بعد اپنی کابینہ کا اعلان کریں گے، جبکہ سبکدوش ہونے والے وزیراعظم کا سامان لے جانے کے لیے ریموول وین ڈاوننگ اسٹریٹ پر نظر آئی۔









