پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر

ایک ہزاربیڈز پر مشتمل نئے ہسپتال کی تعمیر کیلئے پرنسپل پروفیسر سردار الفرید ظفر فوکل پرسن مقرر

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)حکومت پنجاب نے صوبائی دارلحکومت لاہو رمیں ایک ہزار بستروں پر مشتمل اسٹیٹ آف دی آرٹ نیا ہسپتال تعمیر کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے اور اس منصوبے کا پی سی ون تیار کرنے کیلئے پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ، امیر الدین میڈیکل کالج و لاہور جنرل ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر کو فوکل پرسن مقرر کر دیا ہے جو انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی(IDAP) کے افسران کے ساتھ ہر قسم کا تکنیکی تعاون اور ماہرانہ رہنمائی کریں گے۔

مذکورہ ہسپتال میں 600بیڈزعام مریضوں کیلئے ہونگے۔200بستروں کاامراض قلب کا انسٹی ٹیوٹ اور 200بستروں پر مشتمل (Blood Diseases) خون کی بیماریوں کے علاج کا انسٹی ٹیوٹ بھی منصوبے کا حصہ ہوگا۔ ہسپتال کے انفراسٹرکچر کی تیاری متعلقہ شعبوں کیلئے طبی آلات و مشینری کی پروکیورمنٹ(Procurement) کے سلسلے میں فوکل پرسن اور آئی ڈیپ کے ماہرین کو اپنی تجاویز اور سفارشات فراہم کریں گے۔

بطور فوکل پرسن اپنی نامزدگی پر اظہار خیال کرتے ہوئے سربراہ لاہور جنرل ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر الفرید ظفر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار اور وزیر صحت ڈٖاکٹر یاسمین راشد کی جانب سے تعیناتی میرے لئے باعث فخر ہے اور محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام نے جس اعتماد کا اظہار کیا ہے وہ اس پر ہر صور ت پورا اترنے کی کوشش کریں گے اور عوامی مفاد کے اس عظیم منصوبے کی تکمیل کیلئے اپنی پیشہ وارانہ صلاحتیں بروئے کار لاتے ہوئے آئی ڈیپ و دیگر متعلقہ محکموں کے ساتھ دن رات کام کرنے کیلئے تیار ہیں۔

اس حوالے سے میڈیا سے گفتگو میں پرنسپل پروفیسر سردار الفرید ظفر کا کہنا تھا کہ انشاء اللہ لاہور میں ایک ہزار بستروں پر مشتمل ہسپتال کی تعمیر سے عوام کو علاج معالجے کی جدید سہولیات میسر آئیں گی اور خون کی بیماریوں کے علاج کیلئے یہ ادارہ صوبے کی تاریخ میں صحت کے شعبے میں انقلابی قدم ثابت ہوگا جہاں کینسر اور پیچیدہ بیماریوں کے علاج معالجے کے علاوہ اُن پر تحقیق کی سہولیات بھی میسر آئیں گی۔