جعفرخان مندوخیل 35

ایک صحتمند معاشرہ دراصل صحتمند افراد پر استوار ہوتا ہے جو مختلف کھیلوں کے فروغ سے مشروط ہے،گورنر بلوچستان

کوئٹہ(رپورٹنگ آن لائن)گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ ایک صحتمند معاشرہ دراصل جسمانی اور ذہنی طور پر صحتمند لوگوں پر استوار ہوتا ہے جو مختلف کھیلوں کے فروغ سے مشروط ہے۔

ایک جانب آگر سہولیات اور مواقعوں کی عدم فراہمی کی وجہ سے ہمارے بہت سارے باصلاحیت کھلاڑی پیچھے رہ چکے ہیں لیکن دوسری طرف یہ بات بھی حوصلہ افزاء ہے کہ قومی اور صوبائی سطح پر مختلف کھیلوں میں وہ کھیلاڑی جو اپنی غیرمعمولی کارکردگی کی بنیاد پر قوم کے سفیر، نوجوانوں کیلئے امید کی کرن اور ملک و قوم کیلئے فخر کی علامت بنے ان کے پیچھے ایک اہم عنصر حکومت کی جانب سے فراہم کردہ سہولیات اور مواقع ہیں۔

گورنر مندوخیل نے کہا کہ ہم نے صوبائی سطح پر اسپورٹس اینڈ گیمز کے میدان میں پیش رفت دیکھی ہے، گراؤنڈز بہتر ہو رہے ہیں اور ضلعی سطح پر فنڈز مختص کیے جا رہے ہیں جسکی وجہ سے مجھے بلوچستان میں کھیلوں کا مستقبل روشن نظر آ رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جاپان کرانے ایسوسی ایشن پاکستان کے صدر حسین علی چنگیزی کی قیادت میں وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ کھیل صرف کھیل نہیں ہیں بلکہ وہ زندگی کا لازمی جز ہیں۔

کھیل ہمیں جسمانی اور ذہنی تندرستی فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ بہترین ڈسپلن سکھاتے ہیں جو ہمیں کامیاب افراد میں ڈھالتا ہے۔ گورنر مندوخیل نے کہا کہ ہمارے کھلاڑی مرد ہو یا خواتین وہ جہاں بھی جاتے ہیں ہمارے ملک اور صوبے کا نام روشن کرتے ہیں۔ گورنر بلوچستان نے حالیہ کراچی میں نیشنل کراٹے کیمپ اور چیمپئن شپ کے کامیاب انعقاد پر خوشی کا اظہار کیا اور حسین علی چنگیزی اور ان کی ٹیم کو چھ ڈان کا اعلیٰ امتحان پاس کرنے پر مبارکباد دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں