کراچی(رپورٹنگ آن لائن) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سینئر رہنما فاروق ستار نے کہا ہے کہ معرکہ حق میں دشمن کے خلاف عظیم کامیابی حاصل ہوئی، جبکہ ایم کیو ایم پاکستان نے معرکہ حق کی پہلی سالگرہ کے موقع پر 8 سے 10 مئی تک تین روزہ جشنِ فتح منانے کا اعلان کر دیا ہے۔کراچی میں ارکانِ سندھ اسمبلی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ معرکہ حق کی پہلی سالگرہ پر پوری قوم جذبے اور ولولے سے سرشار ہے اور پاکستانی عوام نے ثابت کر دیا ہے کہ ملک کا دفاع ناقابلِ تسخیر ہاتھوں میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے پہلگام واقعے کو خود ترتیب دیا اور فوری طور پر پاکستان پر بے بنیاد الزامات عائد کیے، تاہم عالمی سطح پر بھارتی موقف ناکام ہو گیا اور پاکستان کا موقف موقف انداز میں سامنے آیا۔فاروق ستار نے کہا کہ معرکہ حق نے پاکستان کے قومی اعتماد کو نئی توانائی دی جبکہ عالمی امن کے قیام میں بھی پاکستان کا کردار مزید نمایاں ہوا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بھارت نے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لیے پراکسی وار شروع کی اور بھارتی وزیرِاعظم نریندر مودی نے پاکستان کے خلاف سازشوں میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔
ان کا کہنا تھا کہ مسلح افواج نے دشمن کو بھرپور جواب دے کر قوم کا سر فخر سے بلند کیا، جبکہ شہدا کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں اور انہیں جتنا خراجِ تحسین پیش کیا جائے کم ہے۔دوسری جانب ایم کیو ایم پاکستان نے معرکہ حق کی کامیابی کے ایک سال مکمل ہونے پر تین روزہ جشن فتح منانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ تقریبات 8 سے 10 مئی تک جاری رہیں گی، جن میں ریلیاں، عوامی اجتماعات اور خصوصی تقاریب منعقد کی جائیں گی۔ پارٹی اعلامیے کے مطابق سابق گورنر سندھ کامران ٹیسوری 8 مئی کو معرکہ حق کے حوالے سے خصوصی تقریب منعقد کریں گے۔
اعلامیے کے مطابق 9 مئی کو ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے کراچی پریس کلب کے سامنے بڑا عوامی اجتماع منعقد کیا جائے گا، جس میں شہر بھر سے کارکنان ریلیوں کی صورت میں شریک ہوں گے اور معرکہ حق کی فتح کا جشن منائیں گے۔ جبکہ 10 مئی کو ایک گرینڈ تقریب کا انعقاد کیا جائے گا، جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شرکت کریں گے۔ایم کیو ایم کے مطابق تین روزہ تقریبات میں دشمن کو موقف جواب دینے پر افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کیا جائے گا، جبکہ ملکی سلامتی اور بقا کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کو خراجِ عقیدت بھی پیش کیا جائے گا۔









