ایف اے ٹی ایف قوانین

ایف اے ٹی ایف قوانین ہر صورت منظور کروائیں گے، وزیراعظم

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ایف اے ٹی ایف قوانین ہر صورت منظور کروائیں گے،عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے کے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

بدھ کو وزیراعظم عمران خان سے مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان نے ملاقات کی جس میں اہم آئینی، قانونی اور ملکی امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ بابر اعوان نے وزیراعظم کو ایف اے ٹی ایف کے اہداف کی روشنی میں کی جانے والی قانون سازی سے متعلق بریفنگ دی۔

وزیراعظم نے پیر سے قومی اسمبلی اور سینیٹ کا اجلاس منعقد کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ملکی سلامتی اور عوامی مفاد کی قانون سازی میں تاخیر نہیں ہونی چاہیے، ایف اے ٹی ایف قوانین ہر صورت منظور کروائیں گے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ انہوں نے اپنی مکمل توجہ معاشی اور سماجی حالات کی بہتری پر مرکوز کر رکھی ہے، عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے کے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔