اسحق ڈار 99

ایران کو دفاع کا حق ہے،اسرائیلی جارحیت سے عالمی امن کو خطرہ ہے،اسحاق ڈار

استنبول(رپورٹنگ آن لائن) نائب وزیر اعظم ووزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ اسرائیلی جارحیت سے عالمی امن کو خطرہ ہے۔نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے او آئی سی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امت مسلمہ کو مختلف چیلنجز درپیش ہیں۔

اور درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے امت مسلمہ کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے،امید ہے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے او آئی سی اپنا بھرپور کردار اد ا کرے گی۔انہوں نے کہا کہ اسلامو فوبیا کی روک تھام کیلئے مل کر اقدامات کرنا ہوں گے، مشرق وسطی میں بڑھتی کشیدگی پر تشویش ہے۔ اور اسرائیلی جارحیت سے خطے کے امن کو شدیدخطرات لاحق ہیں۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ اسرائیل کے معاملے پر دوہرا معیار اپنایا جاتا ہے.

اسرائیل کی بات آئے تو کوئی قانون کی حکمرانی کی بات نہیں کرتا، اس کے معاملے میں غیر قانونی اقدامات کے نتائج کی بات نہیں ہوتی، اس کو خطے کے امن کو خطرے میں ڈالنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔اسحاق ڈار نے مطالبہ کیا کہ اسرائیل کو حاصل چھوٹ اب ختم کی جائے، ایران پر اسرائیلی جارحیت کوئی معمولی واقعہ نہیں، بلااشتعال اسرائیلی حملوں کے جواب میں دفاع ایران کا حق ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی کا سلسلہ جاری ہے اور اسرائیلی جارحیت سے ہزاروں کی تعداد میں خواتین اور بچے شہید ہوئے،غزہ میں فوری اور غیر مشروط جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہیں،اور ایران کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسرائیلی اقدامات عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہیں۔ اور اسرائیلی جارحیت سے عالمی امن کو خطرہ ہے۔

انہوںنے کہاکہ بھارت نے پاکستان پر بلا جواز جارحیت کی اور بھارت نے معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا تاہم پاکستان نے بھارتی جارحیت پر اپنے دفاع کا حق استعمال کیا۔جموں و کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق ہونا چاہیے۔نائب وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان عالمی امن و استحکام کے لیے اقدامات کر رہا ہے۔ اور بھارت کے غیر قانونی اقدامات سے خطے کے امن کو شدید خطرات لاحق ہوئے۔

انہوںنے کہاکہ بھارت کی جانب سے پاکستان کے حصے کا پانی روکنا کسی صورت قابل قبول نہیں،پاکستان کا پانی روکنا جنگ تصور کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیرحل ہونا چاہیئے۔ اور خطے میں پائیدار امن کے لیے مسئلہ کشمیر کا حل ضروری ہے۔ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بڑی قربانیاں دی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے سکیورٹی کونسل اجلاس میں ایران سے مکمل اظہار یکجہتی کیا، سکیورٹی کونسل سے اسرائیلی جارحیت رکوانے کیلیے ہنگامی اقدامات کا مطالبہ کیا.

بدقسمتی سے سکیورٹی کونسل اسرائیلی جارحیت رکوانے میں مفلوج نظر آئی۔نائب وزیر اعظم نے مزید کہا کہ پاکستان نے اسرائیلی جارحیت رکوانے کے دیگر اقدامات کی حمایت کی اور کرتا رہے گا، پاکستان تہران کے جوہری مسئلے کے پرامن طریقے سے حل کی حمایت کرتا ہے، امید ہے او آئی سی اجلاس ایران کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرے گا، اجلاس سے اسرائیل کو جواب دہ ٹھہرانے کا واضح پیغام جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں