فیصل آباد/تاندلیانوالہ(رپورٹنگ آن لائن)سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ انڈسٹریل زون کے قیام کے مطالبے سے دستبردار نہیں ہوئے بلکہ اس کے لئے کاوشیں جاری رکھے ہوئے ہیں،عوام کے دیرینہ مسائل کے حل اور علاقے کی ترقی کیلئے عملی اقدامات کر کے ثابت کیا ہے کہ عہدے اہمیت نہیں رکھتے بلکہ اس کیلئے نیک نیتی اور عزم کاہو نا ضروری ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ این اے 97کے دورے میں علاقہ عمائدین اور تاندلیانوالہ کے پارٹی دفتر میں ملاقات کیلئے آنے والوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ہمایوں اختر خان نے صدر تاندلیانوالہ بار مہر سخاوت علی فتیانہ کے صاحبزادے کے دعوت ولیمہ میں بھی شرکت کی ۔
ہمایوں اختر خان نے حلقے میں انتقال کر جانے والوں کی رہائشگاہوں پر جا کر اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی بھی کی ۔سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہاکہ علاقے اور عوام کی حالت زار بدلنے کیلئے ہماری عملی کوششیںکسی سے ڈھکی چھپی نہیں ،ہم کسان کے لئے بھی آواز اٹھا رہے ہیں ،ہم تسلسل کے ساتھ یہ مطالبہ کرتے آرہے تھے کہ کسان کو اس کی اجناس سٹور کرنے کی سہولت اوراس کے عوض قرض کی فراہمی کا میکنزم لایا جائے اور یہ خوش آئند ہے کہ پنجاب حکومت اس کے لئے پیشرفت کر رہی ہے ۔









