سلیم حیدر خان 7

اسلام میں فرقہ واریت پھیلانے کی کوئی گنجائش نہیں’ سردار سلیم حیدر خان

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)گورنرپنجاب سردارسلیم حیدرخان نے کہا ہے کہ برصغیر پاک و ہند میں اسلام کی روشنی پھیلانے میں صوفیائے کرام کا کردار اہم ہے،درگاہوں پر حاضری دینے سے انسان کی روح اور ایمان کو تازگی ملتی ہے، اسلام میں فرقہ واریت پھیلانے کی کوئی گنجائش نہیں۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے حضرت داتا گنج بخش علی ہجویری اور بی بی پاکدامن کے مزارات پرحاضری کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

گورنرپنجاب نے مزارات پر پھولوں کی چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی اور ملک و قوم کی تعمیر و ترقی کے لیے خصوصی دُعا کی۔گورنرپنجاب نے مزارات کے احاطے میں نوافل بھی اداکیے۔گورنرپنجاب کو داتادربار پر جاری تزئین و آرائش اور ترقیاتی کاموں پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔گورنرپنجاب نے دتادربار گیلری کا دورہ بھی کیا اور وہاں لگی تصاویر سے متعلق بریفنگ لی۔گورنرپنجاب مزارات پر موجود زائرین میں گُھل مل گئے اور ان سے مصافحہ کی۔گورنرپنجاب سردارسلیم حیدرخان نے کہا کہ صوفیائے کرام نے اپنے قول و عمل سے دین اسلام کی روشنی پھیلانے میں بھر پور کردار ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ اولیا ئے کرام اور بزرگان دین کی درگاہوں سے بہت کچھ سیکھنے کو ملتا ہے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ صوفیائے کرام کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے امن اور بھائی چارے کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔اُنہوں نے کہا کہ اسلام میں فرقہ واریت پھیلانے کی کوئی گنجائش نہیں۔گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ موجودہ دورِ حکومت میں مذہبی مقامات اور درگاہوں کی تزئین و آرائش قابلِ ستائش ہے۔اُنہوں نے کہا کہ درگاہوں پر آنے والے زائرین کوتمام تر سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں