تل ابیب (رپورٹنگ آن لائن) اسرائیل کے عام انتخابات کے ایگزٹ پولز میں وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو کے اتحاد کو معمولی برتری حاصل ہوئی ہے، تاہم وہ حکومت بنانے کیلئے درکار 61 نشستوں کی واضح اکثریت سے بدستور دور ہیں۔
اسرائیلی چینل 12 کے تازہ ترین ایگزٹ پول کے مطابق نیتن یاہو کے دائیں بازو اور مذہبی جماعتوں پر مشتمل اتحاد کو 52 نشستیں ملنے کا امکان ہے، جبکہ گادی آئزن کوٹ کی قیادت میں اپوزیشن اتحاد 49 نشستوں پر آگے ہے، عرب جماعتوں کی نشستوں کی تعداد بڑھ کر 19 ہو گئی ہے۔ایگزٹ پول کے مطابق نیتن یاہو کی لیکوڈ پارٹی کو 27 نشستیں ملنے کا امکان ہے، جبکہ آئزن کوٹ کی یاشر پارٹی 21 نشستیں حاصل کر سکتی ہے۔
دوسری جانب چینل 13 اور چینل 11 کے ایگزٹ پولز میں نیتن یاہو اور آئزن کوٹ کے اتحادوں کو 51، 51 نشستیں ملنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ عرب جماعتوں کو 18 نشستیں مل سکتی ہیں۔
حکومت سازی کیلئے کسی بھی اتحاد کو 120 رکنی پارلیمان میں کم از کم 61 نشستوں کی حمایت درکار ہوگی، نیتن یاہو کو اقتدار برقرار رکھنے کیلئے مزید اتحادیوں کی حمایت حاصل کرنا ہوگی، جبکہ آئزن کوٹ کو نیتن یاہو کو حکومت سے باہر رکھنے کیلئے عرب جماعتوں کے تعاون کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔تاہم ایگزٹ پولز ابتدائی اندازے ہیں، حتمی نتائج سامنے آنے کے بعد ہی انتخابی صورتحال واضح ہو سکے گی۔







