محمد جاوید قصوری 52

ارکان پارلیمنٹ کے بعد وفاقی وزراء کی تنخواہوں میں اضافہ عوام کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے’جاوید قصوری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن )امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے ارکان پارلیمنٹ کے بعد وفاقی وزراء وزرائے مملکت اور مشیران کی تنخواہوں میں 188فیصد تک اضافے پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اضافہ درحقیقت 25کروڑ عوام کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے ،وزراء نے اپنی تنخواہوں اور الاونس میں اضافے کی خودی ہی منظوری دے کر یہ ثابت کر دیا ہے کہ ان کو عوام کی مشکلات کی کوئی فکر نہیں ۔

ہونا تو یہ چاہئے تھا کہ ارکان پارلیمنٹ اور وفاقی وزراء کفایت شعاری کا مظاہرہ کرتے ،مگر عملاً یہ لوگ قومی خزانے پر بھاری بوجھ بن چکے ہیں،ایسے مفاد پرست قومی رہنماوں سے خیر کی توقع نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک طرف جہاں عام سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کو آئی ایم ایف کی منظوری نہ ہونے کا واویلا کیا جا رہا ہے وہیں پارلیمنٹیرینز کی تنخواہوں میں کئی گنا اضافہ کرکے عوام کو اضطراب کی کیفیت میں مبتلا کر دیا ہے۔ایک رکن اسمبلی کی تنخواہ جو پہلے 1 لاکھ 19 ہزار روپے تھی، اسے بڑھا کر 5 لاکھ 18 ہزار روپے کر دیا گیا۔

اسی طرح صوبوں میں وزرا، مشیروں معاونین خصوصی ارکان اسمبلی کو بھی بڑی مراعات دی گئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ چند دن قبل قومی اسمبلی اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے آئندہ مالی سال میں سرکاری ملازمین کی تنخواہیں بڑھانے کی کوئی تجویز زیرغور نہیں ہے کا عندیہ دیا تھا۔ حکومتی بیانات سرکاری ملازمین کے لیے مایوسی اور بے چینی کا سبب بن رہے ہیں

۔ حکومت بار بار معیشت کی بہتری اور ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کے دعوے کر رہی ہے اور معیشت واقعی مستحکم ہو رہی ہے تو پھر اس کے ثمرات عوام تک کیوں نہیں پہنچ رہے۔انہوں نے کہا کہ حکمران طبقہ اپنے لیے ہر قسم کی مراعات حاصل کر سکتا ہے، مگر عام آدمی کو قربانی کا بکر ا بنایا جا رہا ہے ۔

ملک کا مالیاتی ڈھانچہ اب بھی بیرونی قرضوں کے شکنجے میں ہے اور خود انحصاری نام کی کوئی چیز نہیں۔محمد جاوید قصوری کا مزید کہنا تھا کہ مہنگائی کی موجودہ صورتحال میں سرکاری ملازمین اور عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ اگر حکومت واقعی عوام دوست پالیسی اپنانا چاہتی ہے، تو اسے پارلیمنٹرینز کی طرح سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں بھی اضافہ کرنا ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں