بیرسٹر دانیال چوہدری 55

اتحاد، استقامت اور دفاعی قوت کی علامت بن کر سامنے آیا ہے ، بیرسٹر دانیال چوہدری

راولپنڈی (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا ہے کہ آپریشن ”بنیان مرصوص”قومی اتحاد، استقامت اور دفاعی قوت کی علامت بن کر سامنے آیا ہے جس کی کامیابی میں افواج پاکستان کی پیشہ ورانہ مہارت، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت اور وزیر اعظم شہباز شریف کی حکمت عملی کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔ وہ معرکہ حق کی تاریخی کامیابی کو ایک سال مکمل ہونے پر جشن” بنیان مرصوص و پاک فوج زندہ باد کانفرنس”سے بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔

کانفرنس میں سربراہ جمعیت علمائے اہل سنت پاکستان و چیئرمین ضلعی امن کمیٹی مولانا حافظ محمد اقبال رضوی، صدر پاسبان وطن پاکستان شہزار دلاور خان اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ بیرسٹر دانیال چوہدری نے اپنے خطاب میں کہا کہ معرکہ حق میں پاکستان نے نہ صرف عسکری بلکہ بیانیے اور سفارتی محاذ پر بھی بھارت کو مؤثر جواب دے کر برتری ثابت کی۔ انہوں نے کہا کہ 7 مئی 2025 کو بھارت کی جانب سے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کے دعوے کے برعکس معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں 31 پاکستانی شہید اور 57 زخمی ہوئے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔ یہ اقدام دہشت گردی کے خلاف کارروائی نہیں بلکہ پاکستان کی خودمختاری پر کھلا حملہ تھا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اس جارحیت کے جواب میں”آپریشن بنیان مرصوص” کے تحت دشمن کے فوجی اہداف کو نشانہ بنایا اور دنیا پر واضح کر دیا کہ پاکستان ایک ذمہ دار مگر مضبوط دفاعی قوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس موقع پر پوری قوم مذہبی و سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہو گئی اور دشمن کے مذموم عزائم ناکام بنا دیئے۔ بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ پاک افواج نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کو ایسا سبق سکھایا جو مدتوں یاد رکھا جائے گا جبکہ پاکستان کی بری، بحری اور فضائی افواج نے عوام کے تعاون سے دشمن کی جارحیت کو ناکام بنایا۔

انہوں نے اس کامیابی کو شہدا کی عظیم قربانیوں کا ثمر قرار دیتے ہوئے کہا کہ شہدا قوم کے لیے مشعل راہ اور غازی ہمارے قومی ہیرو ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معرکہ حق کے بعد پاکستان پہلے سے زیادہ مضبوط ہو کر ابھرا ہے اور خطے میں استحکام کی علامت بن چکا ہے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان ہر قسم کے چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے اور قوم اپنی افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے۔ کانفرنس سے چیئرمین ضلعی امن کمیٹی مولانا حافظ محمد اقبال رضوی، صدر پاسبان وطن پاکستان شہزار دلاور خان اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے معرکہ حق میں پاکستان کی کامیابی اور افواج پاکستان کی قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور قومی یکجہتی کو ملک کی اصل طاقت قرار دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں