ماہرہ خان

اب تو ”دی لیجنڈ آف مولا جٹ ” کی ریلیز کا پوچھنا بھی چھوڑ دیا تھا ‘ ماہرہ خان

لاہور(رپورٹنگ آن لائن) بڑے بجٹ کی فلم ” دی لیجنڈ آف مولا جٹ ” میں مرکزی کردار نبھانے والی اداکارہ ماہرہ خان کئی برسوں بعد فلم کی ریلیز کے حتمی اعلان پر خوشی سے نہال ہیں اور انہوں نے کہا کہ اب تو فلم کی ریلیز کی تاریخ بارے پوچھنا ہی چھوڑ دیا تھا۔ماہرہ خان، فواد خان، حمزہ عباسی، گوہر رشید اور حمائمہ ملک جیسے بڑے ستاروں سے سجی ”دی لیجنڈ آف مولا جٹ ”مکمل ہونے کے باوجود کئی برسوں سے مختلف تنازعات کے باعث ریلیز نہیں ہوپارہی تھی۔موجودہ فلم انڈسٹری کی سب سے زیادہ توقعات سے بھرپور فلم ”دی لیجنڈ آف مولا جٹ ”کا پہلا باضابطہ ٹیزر پوسٹر ریلیز کی تاریخ کے ساتھ جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق فلم13 اکتوبر 2022 کو ملک بھر کے سینما گھروں میں ریلیز ہو گی ۔

رپورٹ کے مطابق ”دی لیجنڈ آف مولا جٹ ”پاکستان کی فلمی صنعت کی اب تک کی مہنگی ترین فلم ہے جس کے مکالمے ناصر ادیب نے تحریر کئے ہیں، یہ فلم 1979 کی شہرہ آفاق فلم ”مولاجٹ ” کا ری میک ہے۔فلم کی ہدایتکاری ماضی قریب کی میگا ہٹ فلم ”وار ”کے خالق بلال لاشاری نے دی ہے۔دی لیجنڈ آف مولا جٹ کا پہلا ٹیزر 2019 کو جاری ہوا تھا، جسے دیکھ کر فلم بین بڑی شدت کے ساتھ اس کا انتظار کررہے تھے۔