حلیم عادل شیخ 102

آنے والے دنوں میں پی پی پر بھی فرد جرم عائد ہوگی، حلیم عادل شیخ

لاہور (رپورٹنگ آن لائن ) تحریک انصاف کے مرکزی رہنما حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ آنے والے دنوں میں پی پی پر بھی بین الاقوامی فنڈ کھانے پر فرد جرم عائد ہوگی۔

قائد حزب اختلاف سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے اپنے وڈیو بیان میں کہا کہ سندھ حکومت کے درباری وزرا کہہ رہے ہیں وزیرخارجہ باہر ممالک میں سیلاب متاثرین کا کیس لڑرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیربتائیں کیا بلاول زرداری سیلاب متاثرہ سندھ میں دادو، میہڑ، سیہون گئے ہیں؟ سندھ سے پانی نہیں نکلا اور بلاول زرداری پوری دنیا گھوم رہا ہے۔ حلیم عادل شیخ نے کہا کہ بلاول زرداری جھولیاں پھیلا کر مانگ رہا ہے، بلاول کے وزیراعظم شہباز شریف پر سیلاب متاثرین کے فنڈ کھانے پر فرد جرم عائد کی گئی اور آنے والے دنوں میں پی پی پر بھی بین الاقوامی فنڈ، امداد کھانے پر فرد جرم عائد ہوگی۔ انکا کہنا ہے کہ اربوں ڈالر امداد جہازوں کے جہاز پیپلزپارٹی کے وزیر اور عہدیدار کھا گئے۔

ابھی تک سندھ میں گھروں کا سروے شروع نہیں ہوسکا ہے۔ قائد حزب اختلاف نے کہا کہ سندھ حکومت نے ریسکیو ریلیف کے بعد بحالی کا کام بھی نہیں کیا، پنجاب میں ہزاروں لوگوں کو گھروں کے پیسے مل چکے ہیں۔ پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ بلاول زرداری کیا سندھ کے سیلاب متاثرین میں گھومتے ہوئے ٹانگیں کانپتی ہیں؟ یہ عوام میں جائیں گے تو عوام انہیں انڈے اور ٹماٹر ماریں گے۔ حلیم عادل شیخ نے مزید کہا کہ بلاول زرداری کی آخری نوکری چل رہی ہے اس کے بعد فارغ ہیں، بلاول بھٹو دنیا میں گھومنے کی بجائے سندھ میں گھومیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں