کوئٹہ(رپورٹنگ آن لائن)وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان اسمبلی پارلیمانی روایات اور صوبائی اقدار کا خوبصورت امتزاج ہے،اپوزیشن اراکین نے ہمیشہ صبر و تحمل اور اعلیٰ اخلاقی اقدار کا مظاہرہ کیا ہے،آئندہ مالی سال کے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) کی ترجیحات کو عوامی ضروریات سے ہم آہنگ کیا جائے گا ۔
یہ بات انہوں نے اپوزیشن لیڈر میر یونس عزیز زہری کی سربراہی میں بلوچستان اسمبلی کے اپوزیشن اراکین سے ملاقات دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ ملاقات میں میں آئندہ مالی سال کے بجٹ، پارلیمانی امور اور ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ آئندہ مالی سال کے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) کی ترجیحات کو عوامی ضروریات سے ہم آہنگ کیا جائے گا اور قابلِ عمل ترقیاتی اسکیموں کو اس میں شامل کیا جائے گا۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ ٹریڑری اور اپوزیشن دونوں عوام کے منتخب نمائندے ہیں اور عوامی مفاد میں ہر مثبت تجویز کا خیرمقدم کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان اسمبلی پارلیمانی روایات اور صوبائی اقدار کا خوبصورت امتزاج ہے، جبکہ اپوزیشن اراکین نے ہمیشہ صبر و تحمل اور اعلیٰ اخلاقی اقدار کا مظاہرہ کیا ہے۔وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ باہمی احترام اور بھائی چارے کی یہی روایات بلوچستان اسمبلی کو دیگر پارلیمانوں سے ممتاز بناتی ہیں اور حکومت اپوزیشن کے مثبت و تعمیری کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔اپوزیشن اراکین نے وزیر اعلیٰ کے مثبت کلمات اور پارلیمانی رویے پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ میر سرفراز بگٹی اپوزیشن کے آئینی و پارلیمانی تقدس کا احترام کرتے ہیں اور مثبت تنقید کو کشادہ دلی سے قبول کرتے ہیں۔









