سندھ ہائیکورٹ 66

ہیڈ ماسٹرز/ہیڈ مسٹریس کی اپائنٹمنٹ میں بے قاعدگیوں سے متعلق درخواست پرسندھ پبلک سروس کمیشن کو اپیل پر جلد فیصلہ کرنے کی ہدایت

کراچی (رپورٹنگ آن لائن)سندھ ہائی کورٹ نے ہیڈ ماسٹرز/ہیڈ مسٹریس کی اپائنٹمنٹ میں بے قاعدگیوں سے متعلق درخواست پرسندھ پبلک سروس کمیشن کو اپیل پر جلد فیصلہ کرنے کی ہدایت جاری کردی۔

سندھ ہائیکورٹ میں ہیڈ ماسٹرز/ہیڈ مسٹریس کی اپائنٹمنٹ میں بے قاعدگیوں سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔ درخواستگزار کے وکیل اسد اللہ بلو ایڈووکیٹ نے موقف دیا کہ ان بے قاعدگیوں کیخلاف پبلک سروس کمیشن میں اپیل دائر کی ہوئی ہے۔ گزشتہ سال سے دائر اپیل پر کمیشن کوئی کارروائی نہیں کررہا۔ صدام حسین سمیت دیگر ہیڈ ماسٹرز کی آسامی کیلیے کمیشن کے امتحان میں شریک ہوئے۔

درخواست گزاروں میں سب سے زیادہ نمبر حاصل کرنے والے امیدوار بھی شامل ہیں۔ درخواست گزاروں کو تحریری امتحان میں کامیاب ہونے کے بعد انٹرویو میں فیل قرار دیدیا گیا۔ 35 نمبرز حاصل کرنے والے کو کامیاب 65 نمبر والے کو ناکام قرار دیا گیا۔ پبلک سروس کمیشن کو ہدایت کی جائے کہ وہ نتائج کے خلاف اپیل کا فیصلہ کرے۔ اپیل پر فیصلے میں تاخیر سے درخواست گزاروں سمیت تعلیمی نظام کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ عدالت نے سندھ پبلک سروس کمیشن کو اپیل پر جلد فیصلہ کرنے کی ہدایت جاری کردی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں