سعید غنی

ہمارے پاس تمام لوگوں کو روزگار دینے کے وسائل نہیں، سعید غنی

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)سندھ کے وزیر برائے محنت وافرادی قومت سعید غنی نے کہاہے کہ جو قوم کو تقسیم کرے وہ لیڈر نہیں ہوتا، ملک میں جو کچھ 9مئی کو ہوا، وہ غلط تھا، البتہ فوج سیاست میں مداخلت کرے گی تو مذمت کریں گے لیکن اس کا یہ مطلب نہیں جی ایچ کیو کو آگ لگا دیں،طاقتورسرمایہ کاری کے بغیر ہمارے پاس تمام لوگوں کو روزگار دینے کے وسائل نہیں ہیں۔کراچی میں پاکستان بزنس گروپ آرگنائزیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ ملک کی ترقی کے لئے طاقتور سرمایہ کار کی ضرورت ہوتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ ہمارے پاس تمام لوگوں کو روزگار دینے کے وسائل نہیں اور سرمایہ کاری سے ہی روزگار کے مواقع پیدا کیے جاسکتے ہیں، برنس کمیونٹی کو آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ جو قوم کو تقسیم کرے وہ لیڈر نہیں ہوتا، ملک میں جو کچھ 9مئی کو ہوا، وہ غلط تھا، البتہ فوج سیاست میں مداخلت کرے گی تو مذمت کریں گے لیکن اس کا یہ مطلب نہیں جی ایچ کیو کو آگ لگا دیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ یہ ملک ہے تو ہماری سیاست ہے اور آپ کا بزنس ہے، اختلاف جتنا ہو، مذاکرات ہمیشہ ہونے چاہئے، مگر یہ بات ایک شخص کے سمجھ میں نہیں آئی اس لیے اس نے اپنا اور ملک دونوں کا نقصان کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فاروق ستار نے کہاکہ ہماری کھوئی ہوئی معیشت اور آبادی کو بازیاب کرائیں گے، ملک جس سیاسی بحران میں ہے اس سے ہم سب کو مل کر نکلنا ہوگا۔میئر کے انتخاب میں تاخیر پر طنز کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ ایک میئر کی بھی ہمیں تلاش ہے جو اب مل جانا چاہیے، وسیم اختر کو میئر بنتے بنتے ایک سال لگ گیا تھا۔