عبدالعلیم خان 20

ہر مسلئے کا حل بات چیت ،تحریک انصاف احتجاج کی کال واپس لے ‘عبدالعلیم خان

لاہور (عبدالعلیم خان)وفاقی وزیر مواصلات اور صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے جماعت اسلامی کے لانگ مارچ ختم کرنے پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی کے ذمہ دارانہ اور حب الوطنی کے طرز عمل کو سراہتے ہیں، ہر مسلئے کا حل بات چیت اور ڈائیلاگ میں ہی ہے۔صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے جماعت اسلامی کی قیادت کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں بات چیت کے ذریعے تمام مسائل کا حل نکالیں، موجودہ حالات میں ملک کسی احتجاج اور انتشار کا متحمل نہیں ہو سکتا،

تحریک انصاف کو بھی بات چیت کی طرف آنا چاہیے، فتنہ و فساد کی سرگرمیوں سے ملک دشمن عناصر کو مدد ملے گی، ہر مسلئے کا آخر کار حل مذاکرات کی میز پر ہی نکلتا ہے۔وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ تحریک انصاف بھی احتجاج کی کال واپس لے اور بات چیت کی طرف آئے، ملک سے محبت کرنے والا کوئی شخص توڑپھوڑ اور جلائو گھیرائو کی بات نہیں کر سکتا،خطہ جنگ کی زد میں ہے، پاکستان انتہائی ذمہ دارانہ کردار ادا کرنے جا رہا ہے، اس وقت ملک کو اندرونی محاذ پر اتحاد اور مضبوطی کی ضرورت ہے، ملکی امن کے خلاف کسی بھی طرح کی سرگرمی کا سوچا بھی نہیں جا سکتا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں