کراچی(رپورٹنگ آن لائن) سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ نے فیچر فلم ”گھوسٹ اسکول” کی نمائش روکنے کے خلاف درخواست نمٹا دی۔ عدالت نے سندھ بورڈ آف فلم سنسرز کو ہدایت کی کہ درخواست گزاروں کو مؤثر طور پر اپنا مؤقف پیش کرنے اور سماعت کا موقع فراہم کیا جائے۔ درخواست گزار کے مطابق سندھ بورڈ آف فلم سنسرز نے فلم کو عوامی نمائش کے لیے ناموزوں قرار دیا، تاہم فیصلے میں وجوہات بیان نہیں کی گئیں۔
درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ فلم کو سینٹرل بورڈ آف فلم سنسرز اور پنجاب بورڈ آف فلم سنسرز سے نمائش کی منظوری بھی حاصل ہے۔ عدالت کو بتایا گیا کہ سندھ بورڈ آف فلم سنسرز نے معاملہ دوبارہ جائزے کے لیے فل بورڈ کے سامنے رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اور فلم کی مکمل اسکریننگ 18 اگست کو فل بورڈ کے سامنے کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔ عدالت نے حکم دیا کہ فلم سے متعلق نیا فیصلہ آزادانہ، قانون کے مطابق اور تحریری وجوہات کے ساتھ کیا جائے۔
عدالت نے سندھ سنسر بورڈ کو تین ہفتوں میں قانون کے مطابق کارروائی مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے قرار دیا کہ 9 جولائی کا سابقہ فیصلہ نئی کارروائی یا فیصلے پر اثرانداز نہیں ہوگا۔









