احسن اقبال 16

گلگت بلتستان میں ترقیاتی منصوبے مسلم لیگ (ن)کی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہیں، احسن اقبال

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں جاری ترقیاتی منصوبے مسلم لیگ (ن)کی عوامی خدمت، ترقیاتی وژن اور عملی کارکردگی کا واضح ثبوت ہیں،وفاقی حکومت وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں خطے کی توانائی، مواصلات اور بنیادی ڈھانچے کی ضروریات پوری کرنے کے لیے تاریخی منصوبوں پر تیزی سے کام کر رہی ہے، ماضی میں شروع کیے گئے اہم منصوبوں کو بھی تکمیل تک پہنچایا جا رہا ہے۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اپنی تقریر میں انہیں یاد کیاجس پر وہ ان کے شکر گزار ہیں۔جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی خدمت میں مدبانہ عرض ہے کہ جس ”دائیں ہاتھ کے کام”کا ذکر کیا گیا، اس پر وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں 24 ارب روپے کی لاگت سے 100 میگاواٹ کے سولر منصوبے پر عملی کام کا آغاز ہو چکا ہے۔ اسی طرح نلتر ہائیڈل پاور پراجیکٹ، جس کی بنیاد مسلم لیگ (ن)نے رکھی تھی لیکن پی ٹی آئی دور میں فنڈز کے اجرا میں تعطل کے باعث تاخیر کا شکار ہوا، اب تکمیل کے آخری مراحل میں ہے اور رواں سال مکمل ہو جائے گا۔

احسن اقبال نے کہا کہ مسلم لیگ(ن)نے گلگت بلتستان کے لیے ریجنل گرڈ کے تاریخی منصوبے کا بھی آغاز کیا، جس سے پہلی مرتبہ علاقے میں بجلی کی ترسیل کا ایک جدید اور پائیدار نظام قائم ہو رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ آج گلگت بلتستان میں جہاں بھی کوئی بڑا ترقیاتی منصوبہ نظر آتا ہے، خواہ وہ شاہراہوں کی تعمیر ہو، ہسپتال ہوں، یونیورسٹیاں ہوں، کھیلوں کے میدان ہوں یا توانائی کے منصوبے، ان سب پر مسلم لیگ(ن)کی خدمت اور کارکردگی کی واضح چھاپ موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو بھی گلگت بلتستان میں حکومت کرنے کا موقع ملا، لیکن وہ کوئی ایک ایسا بڑا ترقیاتی منصوبہ نہیں گنوا سکتی جو آج عوام کی زندگی میں نمایاں تبدیلی کا سبب بنا ہو۔

احسن اقبال نے یاد دلایا کہ سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف نے ایک تاریخی فیصلے کے ذریعے گلگت بلتستان کا ترقیاتی بجٹ دوگنا کیا تھا۔ انہی وسائل اور ترقیاتی وژن کی بدولت مسلم لیگ (ن)کی حکومت نے حافظ حفیظ الرحمن کی قیادت میں گلگت بلتستان میں تعمیر و ترقی کا ایک نیا باب رقم کیا، جس کے ثمرات آج بھی عوام محسوس کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)کی سیاست کا محور الزام تراشی نہیں بلکہ خدمت، کارکردگی اور عوام کی زندگیوں میں حقیقی بہتری لانا ہے، اور ان شا اللہ یہ سفر مزید تیزی سے جاری رکھا جائے گا ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں