ہائیکورٹ 15

کیس کی ناقص تفتیش پرڈی پی او شیخوپورہ لاہور ہائیکورٹ طلب

لاہور( رپورٹنگ آن لائن) لاہور ہائیکورٹ نے لڑائی جھگڑے کے مقدمے میں مبینہ ناقص تفتیش پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ڈی پی او شیخوپورہ کو 29 جون کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس محمد طارق ندیم نے لڑائی جھگڑے کے مقدمے میں نامزد ملزم کی عبوری درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ دوران سماعت تفتیشی افسر عدالت کے روبرو پیش ہوا۔سماعت کے دوران عدالت نے استفسار کیا کہ اگر ملزم کی گرفتاری مطلوب ہے تو اس کی کیا وجوہات ہیں۔ تفتیشی افسر نے موقف اختیار کیا کہ ملزم مقدمے میں نامزد ہے اس لیے اس کی گرفتاری درکار ہے۔جسٹس محمد طارق ندیم نے تفتیشی ریکارڈ کا جائزہ لیتے ہوئے تفتیشی افسر سے مکالمہ کیا کہ آپ اپنی تفتیش میں خود تحریر کر رہے ہیں کہ دونوں ملزمان وقوعہ کے وقت جائے وقوعہ پر موجود نہیں تھے، پھر ان کی گرفتاری کیوں ضروری ہے؟۔

عدالت نے مزید ریمارکس دئیے کہ اگر ملزمان موقع پر موجود ہی نہیں تھے تو ان سے ایسی کون سی برآمدگی مطلوب ہے جس کے لیے گرفتاری ناگزیر ہو۔عدالت کے سوالات پر تفتیشی افسر کوئی تسلی بخش جواب نہ دے سکا جس پر عدالت نے تفتیشی عمل پر تشویش کا اظہار کیا۔بعد ازاں لاہور ہائیکورٹ نے ڈی پی او شیخوپورہ کو آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 29 جون تک ملتوی کر دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں