نئی دہلی(رپورٹںگ آن لائن)بھارتی اداکاروکی کوشل نے اپنی اہلیہ کترینہ کو سپراسٹارقراردیتے ہوئے کہاہے کہ وہ میری حقیقت کی جانچ ہیں،میں نے ان سے بہت کچھ سیکھاہے میں محسوس کرتاہوں کہ ایک ایساشخض ملاہے جومیری کمیوں کو پوراکرتاہے۔
تفصیلات کے مطابق ایک انٹرویو میںجب وکی سے انکی اہلیہ کترینہ کے ساتھ تعلقات کے بارے میں سوال کیا گیا تو جواب میں انہوںنے کہاکہ جب دو لوگ گہرائی میں ایک دوسرے سے جڑ جاتے ہیں تو یہ سب سطحی باتیں ہوتی ہیں لیکن آپ جانتے ہیں کہ آپ نے کیوں اور کیسے ایک دوسرے کے ساتھ تعلق بنایا یہی چیز آپ کے لیے قیمتی ہوتی ہے۔وکی نے کہاکہ کترینہ وہ ہیں جو میری حقیقت کی جانچ ہیں وہ ہمیشہ مجھے بتاتی ہیں کہ یہ بہتر ہوسکتا ہے، وہ بہتر ہوسکتا ہے۔
انہوںنے کہاکہ یہ بہت اچھا ہے کہ آپ کے پاس ایک ایسا شخص ہے جو ایمانداری سے آپ کو حقیقت بتائے اور آپ کو ہوا میں نہ اڑنے دے، میں یہ مانتا ہوں کہ کترینہ نے اپنی محنت، ٹیلنٹ اور پرفارمنس سے اپنا مقام بنایا ہے، اور میں ان سے بہت کچھ سیکھتا ہوں۔
وکی نے کترینہ کو سپر اسٹار قرار دیتے ہوئے کہاکہ میں ہمیشہ انہیں بلند رکھوں گا، کیونکہ ان کے دل میں بھی ایک سپر اسٹار کا دل ہے،میں ان کے اسی دل سے محبت کرتا ہوں، میں محسوس کرتا ہوں کہ مجھے ایک ایسا شخص ملا ہے جو میری کمیوں کو پورا کرتا ہے اور مجھے خود کا بہتر ورژن بناتا ہے،میں واقعی میں خوش ہوں کہ میری زندگی کی ساتھی کترینہ ہیں۔