سید ناصر حسین شاہ 11

کورنگی واٹر پائپ لائن منصوبے کے مسائل 15 روز میں حل کیے جائیں، ناصر حسین شاہ

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)وزیر بلدیات و ہاؤسنگ ٹاؤن پلاننگ سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ پانی ہر شخص کی بنیادی ضرورت ہے، شہریوں کو پانی کی فراہمی میں درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں اور پانی کی منصفانہ و بہتر تقسیم کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے واٹر بورڈ کے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ کورنگی واٹر پائپ لائن منصوبے سے متعلق مسائل آئندہ 15 روز کے اندر حل کیے جائیں تاکہ شہریوں کو درپیش مشکلات کا ازالہ ہوسکے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کورنگی واٹر پائپ لائن منصوبے کے حوالے سے منعقدہ ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی نوید انتھونی، سینیٹر شہادت اعوان، رکن سندھ اسمبلی فاروق اعوان، چیئرمین کورنگی ٹاؤن نعیم شیخ، چیئرمین چنیسر ٹاؤن فرحان غنی، میونسپل کمشنر کے ایم سی ابرار جعفر، سی ای او واٹر بورڈ احمد علی صدیقی، چیف آپریٹنگ آفیسر اسد اللہ خان سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں کورنگی واٹر پائپ لائن منصوبے، پانی کی فراہمی اور تقسیم کے نظام میں بہتری سمیت شہریوں کو درپیش مسائل کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر وزیر بلدیات نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ پانی کی منصفانہ تقسیم کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور منصوبے میں حائل رکاوٹوں کو دور کرکے مقررہ مدت میں مسائل کا حل یقینی بنایا جائے۔

سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ عوام کو ان کی دہلیز تک ریلیف فراہم کرنا چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا وڑن اور وزیراعلیٰ سندھ کی واضح ہدایات ہیں۔ حکومت سندھ عوامی مسائل کے حل، بالخصوص پانی کی فراہمی اور دیگر بنیادی شہری سہولیات سے متعلق شکایات کے ازالے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ترقی یافتہ، صاف ستھرا اور خوشحال سندھ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا وڑن ہے، جس کی تکمیل کے لیے صوبے بھر میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھایا جا رہا ہے۔ حکومت سندھ شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور ان کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں