کنگنا

کنگنا کی مشکلات میں مزید اضافہ،اداکارہ کی سوشل میڈیا پوسٹس کو سنسر کرنے کیلئے بھارتی سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی

نئی دہلی(ر پورٹنگ آن لائن) بھارت میں امن و امان برقرار رکھنے کیلئے بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت کی سوشل میڈیا پوسٹس کو سینسر کرنے کا مطالبہ کرنے کیلئے بھارتی سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی۔اکثر مسلمانوں اور پاکستان کیخلاف زہر اگلنے والی کنگنا رناوت سے خود ان کے ملک کے عوام بھی بیزار ہیں۔ حال ہی میں اداکارہ نے اپنے ملک میں رہنے والی سکھ برادری کے جذبات کو بری طرح مجروح کیا ہے جس کی وجہ سے ان کے خلاف کئی شکایتیں درج کی جاچکی ہیں۔

اداکارہ کنگنا رناوت کا ٹوئٹر اکاؤنٹ تو متنازع ٹوئٹس کرنے کی وجہ سے پہلے ہی بند ہے اب ان کے دیگر سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو بھی سینسر کرنے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔ حال ہی میں اداکارہ کنگنا رناوت کی زہر میں بجھی سوشل میڈیا پوسٹس کو سینسر کرنے کے لیے بھارتی سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی گئی ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق درخواست میں کہا گیا ہے کہ ملک میں ہم آہنگی بنائے رکھنے اور امن و امان برقرار رکھنے کیلئے کنگنا رناوت کی سوشل میڈیا پوسٹس کو سینسر کرنے کی ضرورت ہے۔