امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ

کملا ہیرس کو الیکشن میں شکست دینا بائیڈن کے مقابلے میں اور آسان ہوگا،ٹرمپ

واشنگٹن (رپورٹنگ آن لائن)امریکی صدر جو بائیڈن کی جانب سے 2024 کے صدارتی انتخابات کی دوڑ سے دستبردار ہونے پر ان کے حریف امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ کملا ہیرس کو الیکشن میں شکست دینا بائیڈن کے مقابلے میں اور آسان ہوگا۔سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی نشریاتی ادارے سی این این سے گفتگو کرتے ہوئے بائیڈن کو امریکی تاریخ کا واحد بدترین صدر قرار دیا۔بعد ازاں اپنی سوشل میڈیا سائٹ ٹرتھ سوشل پر اس حوالے سے جاری اپنے بیان میں ٹرمپ نے جوبائیڈن کو بددیانت قرار دیتے ہوئے کہا کہ جو بائیڈن صدر بننے کی دوڑ میں شامل ہونے کے بالکل اہل نہیں تھے

انہوں نے صرف جھوٹ اور جعلی خبروں کے باعث یہ عہدہ حاصل کیا،ان کے آس پاس موجود لوگ جن میں ان کے ڈاکٹر اور میڈیا کے نمائندے شامل ہیں وہ جانتے تھے کہ بائیڈن صدر بننے کے قابل نہیں ہیں۔

ٹرمپ نے کہا کہ اب دیکھ لیں کہ بائیڈن ہمارے ملک کو کیا نقصان پہنچا چکے ہیں، لاکھوں لوگ سرحد عبور کرکے بغیر کسی جانچ پڑتال کے ہمارے ملک میں داخل ہو رہے ہیں جن میں بہت سے جیلوں سے نکل کر آئے ہیں تو کوئی مینٹل ہاسپٹل سے آیا ہے اور بہت سے دہشت گرد بھی ہیں۔ٹرمپ کے مطابق بائیڈن کے صدر بننے کی وجہ سے ہمیں بڑے نقصان کا سامنا کرنا پڑے گالیکن ہم اس نقصان کا جلد ازالہ کریں گے اور امریکا کو دوبارہ عظیم بنائیں گے۔