احسن اقبال 21

کشمیر محض ایک سیاسی یا جغرافیائی تنازع نہیں ، پاکستان کی روح، غیرت اور شاہ رگ ہے، احسن اقبال

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ کشمیر محض ایک سیاسی یا جغرافیائی تنازع نہیں بلکہ پاکستان کی روح، غیرت اور شاہ رگ ہے۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پانچ اگست کا دن کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت پر قدغن اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی کی علامت ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ کشمیری بہن بھائیوں کے دکھ، قربانیوں اور استقامت کو انتہائی قریب سے محسوس کیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ کشمیر محض ایک سیاسی یا جغرافیائی تنازع نہیں بلکہ پاکستان کی روح، غیرت اور شاہ رگ ہے۔پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کی ماں کا صبر، نوجوانوں کی بے مثال جدوجہد اور بچوں کا عزم اس حقیقت کا ثبوت ہے کہ ظلم اور جبر کسی قوم کے جذب آزادی کو شکست نہیں دے سکتے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ہر سفارتی، سیاسی اور بین الاقوامی فورم پر کشمیری عوام کے بنیادی حقوق، انصاف اور حقِ خودارادیت کی بھرپور وکالت جاری رکھے گا۔

انہوں نے کہا کہ آج کے دن وہ اپنے تمام کشمیری بھائیوں اور بہنوں سے یہ عہد دہراتے ہیں کہ پاکستان ہر لمحہ ان کے ساتھ کھڑا ہے۔ ہماری آواز، ہماری سفارتی کوششیں اور ہماری دعائیں کشمیری عوام کے ساتھ قدم بہ قدم رہیں گی، اور ان کی جائز جدوجہد کی حمایت ہر سطح پر جاری رکھی جائے گی۔پروفیسر احسن اقبال نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے مثر کردار ادا کرے اور کشمیری عوام کو ان کا تسلیم شدہ حقِ خودارادیت دلانے میں اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں