گندم 15

کراچی میں چکی کا آٹا 200 روپے کلو فروخت ہونے لگا

کراچی (رپورٹنگ آن لائن)آٹے کی قیمتوں میں اضافے نے شہریوں کی مشکلات بڑھا دی ہیں، شہر میں چکی کا آٹا سرکاری نرخ 145 روپے فی کلو کے بجائے 200 روپے میں فروخت ہونے لگا، جبکہ فائن آٹے کی قیمت بھی بڑھ کر 176 روپے فی کلو ہوگئی ہے۔ روٹی کی قیمت 30 سے 35 روپے تک پہنچ گئی ہے۔

کمشنر کراچی کے جاری کردہ نرخ نامے کے مطابق چکی کے آٹے کی سرکاری قیمت 145 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم بازار میں یہ 200 روپے فی کلو فروخت ہورہا ہے، جس کے باعث شہریوں کو فی کلو 55 روپے اضافی ادا کرنا پڑ رہے ہیں۔اسی طرح ہول سیل مارکیٹ میں فائن آٹے کی مقررہ قیمت 132 روپے فی کلو ہے، لیکن یہ 176 روپے فی کلو فروخت کیا جارہا ہے۔ راشن والا آٹا ہول سیل مارکیٹ میں 161 روپے جبکہ پرچون بازار میں 168 روپے فی کلو دستیاب ہے۔

آٹے کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ روٹی بھی مہنگی ہوگئی ہے اور مختلف مقامات پر 30 سے 35 روپے میں فروخت ہورہی ہے۔ فلور ملز مالکان کی جانب سے سرکاری نرخوں پر آٹے کی فراہمی نہ ہونے کے باعث قیمتوں پر قابو پانے میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔دوسری جانب بلوچستان میں گندم کی قلت کے باعث آٹے کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ تین ماہ قبل 6 ہزار روپے میں ملنے والا 50 کلو آٹے کا تھیلا اب 8 ہزار روپے تک پہنچ گیا ہے، جبکہ صوبے کے بعض علاقوں میں آٹے کی دستیابی بھی متاثر ہورہی ہے۔ملتان میں گندم کی قیمت 5 ہزار 400 روپے فی من تک پہنچنے کے باعث آٹا 150 روپے فی کلو فروخت ہورہا ہے۔ قیمتوں میں اضافے سے روٹی 15 روپے سے بڑھ کر 25 روپے اور نان 25 روپے سے بڑھ کر 30 روپے کا ہوگیا ہے۔ شہریوں کے مطابق 15 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت بھی 1700 روپے سے بڑھ کر 2200 روپے تک پہنچ چکی ہے۔

فیصل آباد میں چکی مالکان نے آٹے کی قیمت 150 روپے سے بڑھا کر 160 روپے فی کلو کردی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ گندم 5 ہزار 500 روپے فی من فروخت ہورہی ہے، جبکہ حکومت سرکاری نرخوں پر گندم فراہم کرے تو آٹے کی قیمت میں کمی ممکن ہے۔حافظ آباد میں بھی شہری مہنگائی سے پریشان ہیں۔ ان کے مطابق 1100 روپے والا سبسڈی آٹے کا تھیلا دستیاب نہیں، جبکہ 10 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 1400 روپے سے بڑھ کر 1600 روپے تک جا پہنچی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں