سید ناصر حسین شاہ 17

کراچی میں صفائی کا عمل سال بھر 24 گھنٹے جاری رہے گا، ناصر شاہ

کراچی (رپورٹنگ آن لائن) صوبائی وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے ضلع وسطی میں ہفتہ صفائی مہم کا افتتاح کرتے ہوئے کہا ہے کہ صاف، سرسبز اور خوبصورت کراچی چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا وڑن ہے، جس کی تکمیل کیلئے سندھ حکومت دن رات کوشاں ہے، صفائی کا عمل صرف ایک ہفتے تک محدود نہیں رہے گا بلکہ پورے سال 24 گھنٹے جاری رکھا جائے گا۔

تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے فعال ہونے کے بعد کراچی میں صفائی کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے، تاہم ہر نظام میں مزید بہتری کی گنجائش ہوتی ہے، موجودہ صفائی مہم بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ ضلع وسطی سمیت کراچی کے تمام علاقوں میں کچرے کی بروقت منتقلی اور صفائی کے معیار کی نگرانی پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے جبکہ مانیٹرنگ کا نظام بھی مزید بہتر بنایا گیا ہے۔ شہری صفائی سے متعلق شکایت یا کوتاہی کی فوری نشاندہی کریں تاکہ بروقت کارروائی کی جاسکے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ صفائی صرف حکومت یا بلدیاتی اداروں کی ذمہ داری نہیں، شہریوں کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

عوام کچرا مقررہ مقامات پر ڈالیں اور صفائی کے عمل میں متعلقہ اداروں سے تعاون کریں۔انہوں نے کہا کہ صفائی سے وابستہ سینیٹری ورکرز اور مزدور کراچی کو صاف رکھنے میں اہم کردار ادا کررہے ہیں، ان کے مسائل کے حل، بروقت تنخواہوں اور حکومت کی مقرر کردہ اجرت کی ادائیگی یقینی بنانے کیلئے اقدامات کیے جارہے ہیں۔ناصر حسین شاہ نے کہا کہ تمام متعلقہ افسران صفائی کے معاملات کی مسلسل نگرانی کررہے ہیں اور اداروں کے باہمی رابطے کے ذریعے صفائی کا نظام مزید بہتر بنایا جائے گا۔سیاسی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے.

صوبائی وزیر نے ایم کیو ایم کی کراچی ریلی اور نئے صوبے یا انتظامی یونٹ کے مطالبے کے حوالے سے کہا کہ سندھ اسمبلی پہلے ہی صوبے کی تقسیم یا نئے انتظامی یونٹ کے قیام سے متعلق قرارداد منظور کرچکی ہے۔انہوں نے کہا کہ کراچی کے شہری ماضی میں بھتہ خوری، ٹارگٹ کلنگ، جلاؤ گھیراؤ اور تشدد جیسے مسائل کا سامنا کرچکے ہیں، اب ضرورت ہے کہ انہیں امن، تحفظ اور بلاخوف کاروبار و روزگار کی یقین دہانی کرائی جائے۔

صنعتکاروں اور کاروباری طبقے کو بھی تحفظ فراہم کیا جانا چاہیے تاکہ انہیں بھتہ خوری یا دھمکیوں کا سامنا نہ ہو۔ناصر حسین شاہ نے کہا کہ کراچی کے عوام امن، ترقی، بلدیاتی سہولیات اور بہتر طرز حکمرانی چاہتے ہیں، حکومت شہر کی صفائی، ترقی اور شہری سہولیات کی بہتری کیلئے اقدامات جاری رکھے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں