لاہور(رپورٹنگ آن لائن)سابق کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ نوجوان کرکٹرز کی کامیابی صرف ٹیلنٹ سے نہیں بلکہ نظم و ضبط، مستقل مزاجی اور مسلسل محنت سے ممکن ہے۔ انہوں نے پروگرام سٹریٹ ڈرائیو ود سلمان بٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کامیاب کھلاڑی روزانہ فٹنس، پریکٹس اور متوازن غذا پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ چار روزہ کرکٹ نوجوان کھلاڑیوں کی تکنیک اور ذہنی مضبوطی کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ ان کے مطابق طویل فارمیٹ دفاعی تکنیک، ارتکاز اور فیصلہ سازی کی صلاحیت کو نکھارتا ہے، جبکہ سپن بولنگ کے خلاف بہتر کھیلنے کے لیے طویل اننگز کھیلنے کی عادت ضروری ہے۔
مصباح الحق کا کہنا تھا کہ نوجوان کرکٹرز کو معیاری سپن بولنگ کے خلاف زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کیے جانے چاہییں تاکہ ان کی صلاحیتوں میں مزید بہتری آئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں، تاہم درست رہنمائی، محنت اور مناسب تربیت ہی کھلاڑیوں کو کامیابی کی منزل تک پہنچاتی ہے۔انہوں نے کوچز، مینٹرز اور والدین پر زور دیا کہ وہ نوجوان کھلاڑیوں پر غیر ضروری دبائو ڈالنے سے گریز کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کی دلچسپی اور صلاحیتوں کو سمجھتے ہوئے انہیں ترقی کے مواقع فراہم کیے جائیں، انہیں ذمہ داری بھی دی جائے مگر اس انداز میں کہ ان کے کھیلنے کا جذبہ اور اعتماد متاثر نہ ہو۔









