وزیرخارجہ

ڈی ایٹ فورم صنعتی ترقی کےلئے اہم کردار ادا کر رہا ہے،پاکستان اسکو مزید مستحکم بنانے کی کوشش کررہا ہے،وزیرخارجہ

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ڈی ایٹ فورم صنعتی ترقی کےلئے اہم کردار ادا کر رہا ہے اور پاکستان ڈی ایٹ فورم کو مزید مستحکم بنانے کی کوشش کررہا ہے، کورونا وباءکی وجہ سے عالمی طور پر مسائل میں اضافہ ہوا ہے، صنعتی ترقی سے بے روزگاری اور معاشی مسائل سے قابو پایا جا سکتا ہے۔

بدھ کو ڈی ایٹ وزراءخارجہ کانفرنس سے ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان کی آبادی کی ایک بڑی تعداد نوجوانوں پر مشتمل ہے اور نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنا وقت کا بڑا چیلنج ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے آئیڈیاز کو آگے بڑھانے کی ضرورت ہے جبکہ پاکستان میں صنعتی ترقی میں اضافہ ہورہا ہے۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ ڈی ایٹ فورم صنعتی ترقی کےلئے اپنا بھرپور کردار ادا کررہا ہے اور ڈی ایٹ کے فورم کو مزید موثر بنانے کےلئے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے، پاکستان ڈی ایٹ فورم کو مزید مستحکم کرنے کےلئے اقدامات کر رہا ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عالمی وباءکورونا کی وجہ سے دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی بے روزگاری میں اضافہ ہوا ہے لیکن پاکستان اس سے نمٹنے کےلئے نوجوانوں کی استعداد کار بڑھانے کےلئے کام کر رہا ہے