کراچی (رپورٹنگ آن لائن) سابق گورنر سندھ اور میری پہچان پاکستان کے روح رواں ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کوہاٹ واقعے میں شہید ہونے والے سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے دہشت گرد حملے کی مذمت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ وطن کے دفاع کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے جوان پوری قوم کا فخر ہیں، شہداء کی قربانیاں قومی سلامتی اور ملکی دفاع کیلئے ناقابل فراموش ہیں۔
دہشت گرد عناصر بزدلانہ کارروائیوں سے قوم کے حوصلے پست نہیں کرسکتے۔ڈاکٹر عشرت العباد نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور عوام کے تحفظ کیلئے سیکیورٹی فورسز نے ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہید ہونے والے افسران اور جوانوں کی قربانیاں قومی تاریخ کا اہم باب ہیں۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے چیلنج کا مقابلہ قومی یکجہتی اور ریاستی اداروں و عوام کے باہمی اتحاد سے کیا جائے گا۔
میری پہچان پاکستان کا مؤقف ہے کہ ملکی سلامتی کے معاملے پر پوری قوم کو اتحاد اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔سابق گورنر سندھ نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے۔









