کراچی (رپورٹنگ آن لائن)سابق گورنر سندھ، نشانِ امتیاز اور میری پہچان پاکستان (ایم پی پی) کے روحِ رواں ڈاکٹر عشرت العباد خان نے پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر پوری قوم کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 14 اگست ہمارے لیے فخر، شکر اور تجدیدِ عہد کا دن ہے۔
یہ وہ تاریخی دن ہے جب لاکھوں مسلمانوں کی بے مثال قربانیوں، تحریکِ پاکستان کی طویل جدوجہد اور قائدِاعظم محمد علی جناح? کی مدبرانہ قیادت کے نتیجے میں پاکستان معرضِ وجود میں آیا۔ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا کہ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اپنے اسلاف کی قربانیوں کو یاد رکھتے ہوئے قومی یکجہتی، اتحاد، تعلیم، صحت، معاشی استحکام اور اداروں کی مضبوطی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت مختلف داخلی و خارجی چیلنجز کا سامنا ہے، تاہم قوم کے عزم، محنت اور اتحاد کے ذریعے ان تمام مشکلات پر قابو پایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے افواجِ پاکستان، رینجرز، پولیس اور دیگر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وطنِ عزیز کے دفاع، امن و امان کے قیام اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان کی لازوال قربانیاں تاریخ کا روشن باب ہیں۔ پوری قوم اپنے شہدائ اور غازیوں کی قربانیوں کو ہمیشہ قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھتی رہے گی۔ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا کہ یومِ آزادی ہمیں یہ سبق دیتا ہے کہ ہم ذاتی اور گروہی مفادات سے بالاتر ہو کر پاکستان کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے متحد ہو جائیں۔ نوجوان نسل پاکستان کا قیمتی سرمایہ ہے اور انہیں جدید تعلیم، سائنس، ٹیکنالوجی، تحقیق اور جدت کے میدان میں آگے بڑھ کر ملک کو ترقی یافتہ اقوام کی صف میں شامل کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کا روشن مستقبل قومی اتحاد، سیاسی استحکام، قانون کی بالادستی اور جمہوری اقدار کے فروغ سے وابستہ ہے۔ ہمیں اپنے قومی اداروں کو مضبوط اور پاکستان کو معاشی طور پر خود کفیل بنانے کے لیے مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی۔آخر میں ڈاکٹر عشرت العباد خان نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو تا قیامت قائم و دائم رکھے، وطنِ عزیز کو امن، استحکام اور خوشحالی عطا فرمائے اور ہمیں قائدِاعظم? اور اکابرینِ ملت کے خوابوں کی حقیقی تعبیر بنانے کی توفیق عطا فرمائے۔









