حافظ نعیم الرحمان 98

ڈالر کی قدر میں کمی کا اثر پیٹرول کی قیمت پر آنا چاہئے، حافظ نعیم الرحمان

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہاہے کہ ڈالر کی قدر میں کمی کا اثر پیٹرول کی قیمت پر آنا چاہئے۔ادارہ نورحق میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ مہنگائی کیخلاف احتجاج کا دائرہ کاروسیع کریں گے، 6اکتوبر کو کراچی میں دھرنا دیں گے،تقریبا 100مقامات پر دھرنا دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ڈالر کی قدر میں کمی کا اثر پیٹرول کی قیمت پر آنا چاہئے،آئی ایم ایف سرکلر ڈیٹ ختم کرنے کا کہہ رہا ہے، لہٰذا حکومت کو جاگیر دار طبقے پر ٹیکس لگانا چاہئے۔

انہوں نے کہاکہ یہ لوگ ہمارے بچوں کو لوٹ کر اپنے بچوں کو پڑھاتے ہیں، ہمارے بچے باہر جاکر پڑھتے ہیں تو مزدوری کرتے ہیں، مگر ان کے بچے باہر جاکر بغیر مزدوری کیے پڑھتے ہیں۔یہ طبقہ ہمارے حقوق چھین رہا ہے، اسی لئے ہمیں ان کے خلاف آئینی و قانونی مزاحمت کرنا ہوگی۔حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ مڈل کلاس کی نمائندگی صرف جماعت اسلامی کر رہی ہے، ہم احتجاج کا دائرہ وسیع کر کے اپنا حق وصول کریں گے۔انہوں نے کہاکہ کراچی جاگتا ہے تو پورا ملک جاگتا ہے،کل ہمارے آدھے گھنٹے کے احتجاج نے امید کی کرن پیدا کی، ہمیں اپنی تحریک کو آگے لے کر چلنا ہے۔

کامران ٹیسوری سے مخاطب ہوکر حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ کراچی میں چائنہ کٹنگ ماسٹر پھر سرگرم ہوگئے ہیں،گورنر صاحب اپنے منصب کا خیال کرتے ہوئے کسی جماعت کے نمائندے نہ بنیں اور ادارہ نور حق تشریف لائیں۔انہوں نے کہاکہ ہم کراچی شہر کو کھانے نہیں دیں گے، قبضہ مافیا چائنہ کٹنگ ماسٹر کو قبول نہیں کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں