چینی وزیر اعظم

چینی صدر کے نمائندہ خصوصی کی مرحوم ایرانی صدر کی تعزیتی تقریب میں شرکت

تہران (رپورٹنگ آن لائن) چینی صدر شی جن پھنگ کے خصوصی نمائندے ، سی پی سی کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن اور نائب وزیر اعظم جانگ گو چھنگ نے تہران میں مرحوم ایرانی صدر سید ابراہیم رئیسی کی یاد میں منعقدہ ایک تعزیتی تقریب میں شرکت کی اور ایران کے قائم مقام صدر محمد مخبر سے ملاقات کی۔

جمعرات کے روز جانگ گو چھنگ نےصدر شی جن پھنگ کی جانب سے صدر ابراہیم رئیسی کے انتقال پر ایرانی حکومت ،عوام اور صدر رئیسی کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس مشکل گھڑی میں چینی عوام، ایرانی عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ ہمیں یقین ہے کہ ایران ان عارضی مشکلات پر قابو پانے میں کامیاب ہو جائے گا اور اپنے قومی منصوبوں کو آگے بڑھاتا رہے گا۔

جانگ گو چھنگ نے کہا کہ صدر رئیسی نے ایران کی سلامتی اور استحکام کو برقرار رکھنے اور قومی ترقی و خوشحالی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے نیز چین- ایران جامع اسٹریٹجک شراکت داری کو مستحکم اور گہرا کرنے کے لیے مثبت کوششیں کی ہیں۔ ان کا انتقال ایرانی عوام کے لیے بہت بڑا نقصان ہے اور چینی عوام نے بھی ایک اچھا دوست کھو دیا ہے جس پر چین کو بے حد دکھ ہے۔ چینی حکومت اور عوام چین – ایران روایتی دوستی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، آزادی، استحکام اور ترقی کے تحفظ میں ایرانی حکومت اور عوام کی بھرپور حمایت کرتے ہیں اور چین- ایران جامع اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید گہرا کرنے کے لیے ایران کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں۔

جناب محمد مخبر نے تعزیتی تقریب میں شرکت کے لئے نائب وزیر اعظم جانگ گو چھنگ کو خصوصی نمائندہ مقرر کرنے پر صدر شی جن پھنگ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ایران چین کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینا جاری رکھے گا اور دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو گہرا کرنے اور ایران چین جامع اسٹریٹجک شراکت داری کو ایک نئی سطح پر لے جانے کے لئے چین کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے۔