اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)عوامی جمہوریہ چین کے پاکستان میں سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی ملاقات میں وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر سید توقیر شاہ، وزیراعظم کے معاونِ خصوصی سید طارق فاطمی اور سیکرٹری خارجہ سفیر آمنہ بلوچ بھی شریک تھیں۔وزیراعظم نے عوامی جمہوریہ چین کے صدر عزت مآب شی جن پنگ اور وزیراعظم لی چیانگ کے لیے اپنی نیک تمناؤں اور پرتپاک جذبات کا اظہار کیا اور اپنے حالیہ دورہ چین کے دوران چینی قیادت کے ساتھ ہونے والی انتہائی مفید، بامقصد اور نتیجہ خیز ملاقاتوں کا ذکر کیا۔
وزیراعظم نے پاکستان اور چین کے درمیان ”ہر موسم کی اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری” کو مزید مستحکم بنانے کے اپنے غیرمتزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اس امر پر زور دیا کہ دورہ چین کے دوران طے پانے والے اہم فیصلوں اور مفاہمتوں پر عملدرآمد کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔انہوں نے بالخصوص چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے دوسرے مرحلے، *سی پیک 2.0*، کے تحت خصوصاً زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، صنعتی ترقی، خصوصی اقتصادی زونز (SEZs) اور معدنیات و کان کنی کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیراعظم نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ان کے دورہ چین کے موقع پر ہانگڑو میں منعقدہ بزنس ٹو بزنس (B2B) سرمایہ کاری کانفرنس کے دوران پاکستانی اور چینی کمپنیوں کے درمیان طے پانے والی مختلف مفاہمتی یادداشتوں (MoUs) پر بروقت اور مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کے ثمرات جلد از جلد حاصل کیے جا سکیں۔وزیراعظم نے دورہ چین کو ہر لحاظ سے کامیاب بنانے میں چینی سفیر کی گرانقدر خدمات اور کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اب دونوں ممالک کے متعلقہ اداروں اور حکام پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ دونوں قیادتوں کے طے کردہ فیصلوں کو عملی شکل دینے کے لیے باہمی تعاون کو مزید فروغ دیں۔
ملاقات کے دوران قراقرم ہائی وے (KKH) ری الائنمنٹ منصوبے پر پیش رفت کو تیز کرنے، سکیورٹی، انسدادِ دہشت گردی اور دفاعی تعاون کے فروغ، نیز پاکستان کے لیے اقتصادی اور مالی معاونت سے متعلق امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس کے علاوہ خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال اور اہم بین الاقوامی پیش رفت پر بھی گفتگو ہوئی۔سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور انہیں عیدالاضحیٰ کی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے وزیراعظم کو 23 تا 26 مئی 2026 کے کامیاب دورہ چین پر بھی مبارکباد دیتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا کہ چین پاکستان کے ساتھ اپنی فولادی اور لازوال برادرانہ دوستی کو مزید مضبوط بنانے اور تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے کے لیے پْرعزم ہے۔








