ملک محمد احمد خان 21

چوہدری منظور احمد کی شخصیت سے پارٹی سے بالاتر ہو کر متاثر ہوں، ملک محمد احمد

قصور(رپورٹنگ آن لائن) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ چوہدری منظور احمد ایک اچھے سیاستدان ہیں، میں پارٹی سے بالاتر ہو کر ان کی شخصیت سے متاثر ہوں۔

انہوں نے کہا کہ بابا بلھے شاہ کے کلام کو ہر کوئی اپنے انداز میں دیکھتا ہے، میں بابا بلھے شاہ کو ’’آئیڈیا آف جسٹس‘‘ کے تناظر میں دیکھتا ہوں۔ملک محمد احمد خان کا کہنا تھا کہ تقسیم کرنی ہے تو غربت، بھوک اور تعلیمی نظام کو بھی مدنظر رکھنا ہوگا، صرف آبادی کو بنیاد بنا کر تقسیم کا فیصلہ نہیں ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ بلھے شاہ کی تعلیمات میں بہتر معاشرے کی تشکیل کا مکمل درس موجود ہے، نئے صوبوں کے قیام پر تبدیلی کے منفی اثرات کا خدشہ ضرور ہوتا ہے، دیکھنا ہوگا نئے صوبوں کے قیام سے کیا مثبت تبدیلی آتی ہے۔ملک محمد احمد خان نے کہا کہ تبدیلی کے نام پر کوئی نئی جنگ نہیں چھیڑنی چاہیے، نئے صوبوں کے قیام پر اسمبلی میں بحث ہونی چاہیے، کوئی حرج نہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج بھی حکومت چلانے کے قواعد و ضوابط انگریز دور سے چلے آ رہے ہیں، پہلے مرحلے میں سول سروسز ریفارمز کی اشد ضرورت ہے۔ملک محمد احمد خان کا کہنا تھا کہ بابا بلھے شاہ دربار کی تزئین و آرائش کا پہلا مرحلہ مکمل ہو چکا، اگلے مرحلے میں آڈیٹوریم ہال کے لیے مل کر کوشش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ بلھے شاہ یونیورسٹی کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے، بلھے شاہ یونیورسٹی کے لیے ہم سب کو مل کر مزید کام کرنا ہوگا، بلھے شاہ یونیورسٹی کا قیام میری ذاتی خواہش بھی ہے۔ملک محمد احمد خان نے کہا کہ بابا بلھے شاہ کو دنیا بھر میں بڑی پذیرائی حاصل ہے، بلھے شاہ یونیورسٹی دنیا بھر کے عقیدت مندوں کے لیے اہم مرکز بن سکتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بابا بلھے شاہ کا فلسفہ پاکستانی آئین کی بنیادی روح سے ہم آہنگ ہے، بابا بلھے شاہ کی تعلیمات میں انسانی حقوق اور انصاف کا پیغام موجود ہے، مختلف ممالک کے آئین دیکھ لیں، بنیادی انسانی اقدار وہی ہیں جن کا درس بلھے شاہ نے دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں