چائنا 19

چائنا میڈیا گروپ کی جا نب سے سائنسی و تعلیمی سرگرمی کا انعقاد

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)چائنا میڈیا گروپ نے سفینہ چلڈرنز ہوم اسلام آباد میں ایک خصوصی سائنسی و تعلیمی سرگرمی کا انعقاد کیا، جس کا مقصد بچوں کو سائنس و ٹیکنالوجی سے روشناس کرانا، ان میں سائنسی علوم کے حصول کا ذوق پیدا کرنا اور پاک – چین تعلیمی تعاون کو فروغ دینا تھا۔

سفینہ چلڈرنز ہوم ایک فلاحی تعلیمی ادارہ ہے جو گزشتہ دو دہائیوں سے یتیم اور بے سہارا بچوں کو مفت تعلیم و تربیت فراہم کرنے اور انہیں عصری علوم سے آراستہ کرنے کے لیے خدمات انجام دے رہا ہے۔تقریب کے دوران بچوں کو سائنس اور ٹیکنالوجی کے مختلف موضوعات پر معلوماتی ویڈیوز دکھائی گئیں۔ سی ایم جی کی جانب سے جدید سائنسی تصورات کو آسان اور دلچسپ انداز میں پیش کیا گیا جنہیں طلباء نے نہایت انہماک سے دیکھا۔

اس موقع پر سفینہ چلڈرنز ہوم کے ڈائریکٹر سید محمد مہدی نے کہا کہ موجودہ دور میں سائنس اور ٹیکنالوجی انسانی زندگی کا اہم حصہ بن چکی ہے، اس لیے بچوں میں سائنسی شعور اور جدید علوم سے آگاہی پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے بچوں کے لیے اس خصوصی سرگرمی کے انعقاد پر چائنا میڈیا گروپ کا شکریہ ادا کیا اور تعلیم کے شعبے میں چین کی کاوشوں کو سراہا۔سید محمد مہدی نے امید ظاہر کی کہ ایسی تعلیمی اور معلوماتی سرگرمیاں پاکستان اور چین کے طلباء کے درمیان باہمی روابط اور تعاون کو مزید فروغ دینے میں معاون ثابت ہوں گی۔

تقریب کے دوران بچوں نے چین اور پاکستان کے درمیان قائم دیرینہ دوستی اور تاریخی تعلق سے اپنی گہری وابستگی کا اظہار کیا۔ بچوں نے دونوں ممالک کے درمیان دوستی، تعلیم، سائنس و ٹیکنالوجی اور عوامی روابط کے شعبوں میں تعاون کو مزید آگے بڑھانے کی خواہش بھی ظاہر کی۔چائنا میڈیا گروپ کی جانب سے منعقدہ یہ سرگرمی بچوں کو جدید سائنسی علوم سے روشناس کرانے کے ساتھ ساتھ چین اور پاکستان کے درمیان تعلیمی و عوامی روابط کے فروغ کی جانب ایک عملی قدم تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں