میاں جاوید لطیف

پی ٹی آئی کو اداروں کے اندر سے سہولت کاری مل رہی ہے،میاں جاوید لطیف

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما میاں جاوید لطیف نے کہا کہ پی ٹی آئی کو اداروں کے اندر سے سہولت کاری مل رہی ہے، 9 مئی واقعے سے متعلق ریاست انصاف کی بھیک مانگ رہی ہے، اگر ادارے اور ریاست عالمی دباﺅ میں ہے تو قوم کو بتانا چاہیئے، 190ملین پانڈ کیس میں کسی شواہد کی ضرورت نہیں اس کا فیصلہ ہونا چاہیئے۔ ا یک انٹرویو میں انہوں نے کہا اپوزیشن رہنماﺅں کی گرفتاریوں کی مذمت کرتا ہوں،میرا سوال ہے کیوں گرفتار کیا گیا، اگر گرفتار کیا گیا تو رہا کیوں کیا گیا؟ ۔جاوید لطیف نے کہا کہ ہم نوازشریف سے ملاقات کرنے جاتے تھے تو ہمارے گھر والوں کواٹھا لیا جاتا تھا، اداروں کے اندر کچھ بااثرشخصیات سہولت کاری دے رہی ہیں، جنرل فیض حمید کے اثرات ابھی مختلف اداروں میں موجود ہیں۔

لیگی رہنما نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی سرکاری مشینری کو استعمال کیا جارہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ فیض حمید کے بعد ثاقب نثار کو بھی کٹہرے میں لانا ہوگا، سہولت کاروں کے چہروں کو بے نقاب کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا ڈیڑھ سال ہونے کو ہے کہ 9 مئی واقعے کا فیصلہ نہیں ہوسکا، 190 ملین پاﺅنڈ کیس میں کسی شواہد کی ضرورت نہیں تو اس کو بھی سمجھ رہے ہیں ، اگر ادارے اور ریاست عالمی دباﺅ میں ہے توپھر کم ازکم قوم کو بتانا چاہیئے۔ 9 مئی واقعے سے متعلق ریاست انصاف کی بھیک مانگ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بات سوچنے کی ہے کہ ایک وقت تھا جب امریکی پرچم جلایا گیا، پھر وہی جماعت جلسے میں پرچم لہرا رہی ہے، ایک وقت جلسے میں سائفر لہرایا گیا، پھر اب جلسے میں امریکی کانگریس کا خط لہرایا گیا ۔ میں لطیف کھوسہ کو دیکھوں ، زلفی بخاری یا ان کی آزادی کو دیکھوں؟ ایک طرف کہتے ہم کوئی غلام ہیں دوسری طرف کہتے امریکی صدر ٹرمپ ہمیں رہائی دیں گے۔

کیا ہماری ریاست کا قانون نہیں، ادارے نہیں، ریاست آزاد نہیں؟ کہ ایک ریاست کا صدر اعلان کرے اور دوسری ریاست غلاموں کی طرح بندہ پیش کردے؟کوئی کسی ریاست کا صدر کسی دوسری ریاست کو ڈکٹیٹ نہیں کرسکتا۔انہوں نے کہا کہ ایکسٹینشن اور حکومت کو دوام دینے کیلئے ملک گرداب میں پھنس چکا ہے۔