ٹیلنٹ 20

پی سی بی اور نجی بینک کے درمیان اسکولز ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے لیے معاہدہ

لاہور(رپورٹنگ آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور نجی بینک کے درمیان اسکولز ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے لیے معاہدہ ہوا ہے۔کرکٹ کو اسکولز کی سطح پر فروغ دینے کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ اور نجی بینک کے درمیان ”اسکولز ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام” معاہدہ ہوا ہے۔ قذافی اسٹیڈیم میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں چیف کمرشل اینڈ ریٹیل بینکنگ نارتھ عابد انور نے معاہدے پر دستخط کیے۔تقریب میں چیئرمین پی سی بی مہمان خصوصی جبکہ وزیر اطلاعات عطا تارڑ، ایم این اے عون چوہدرری و دیگر نے شرکت کی۔

معاہدے کے مطابق نجی بینک ”اسکولز ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام” کے لیے اسپانسر شپ کی مد میں مجموعی طور پر 10 کروڑ روپے فراہم کرے گا جب کہ پی سی بی پروگرام کے تمام انتظامات کرے گا۔چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے مفاہمتی یادداشت کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ معاہدہ اسکولز کی سطح پر کرکٹ کو فروغ دینے کیلیے معاون ثابت ہوگا۔ پی سی بی اور نجی بینک میں شراکت داری سے نئے اسٹارز کرکٹ کے افق پر جگمگائیں گے۔وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے اسکولز کرکٹ کو پروموٹ کرنے سے متعلق معاہدے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پی سی بی کا اسکولز کرکٹ کو دوبارہ فعال کرنے میں متحرک کردار قابل تحسین ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں