عاقب جاوید

پہلے آن لائن شاپنگ ہوتی تھی اب کوچنگ ہو گی، عاقب جاوید

لاہور (رپورٹنگ آن لائن ) سابق فاسٹ بولر اور لاہور قلندرز کے ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے مکی آرتھر کی متوقع ہیڈ کوچ تقرری اور آن لائن کوچنگ کے آئیڈیا کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ پہلے آن لائن شاپنگ ہوتی تھی اب کوچنگ ہو گی۔انہوں نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اس آئیڈیا کی سمجھ نہیں آئی، لیکن چلیں یہ نسخہ بھی آزما کر دیکھ لیں، میں نے آج تک آن لائن کوچ کا سنا نہیں، یہ ایسے چلے گا نہیں، کیونکہ یہاں فل ٹائم کوچ سے کچھ نہیں ہوتا، آن لائن کیسے کامیاب ہو سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ لگتا ہے کہ موجودہ بورڈ ماضی جیسی ایک ٹیم کو اکٹھا کرنا چاہتا ہے، لیکن میرا سوال ہے کہ کیا دنیا میں اور لوگ نہیں ہیں، کیا نام کا کوچنگ سے کوئی تعلق ہے؟ ۔عاقب جاوید نے کہا کہ مکی آرتھر اتنے اہم ہوتے تو کسی اور نیشنل ٹیم کے ساتھ بھی اس وقت کوچ ہوتے، وہ ڈربی شائر جیسی کانٹی میں ڈائریکٹر کرکٹ ہیں۔ لگتا ہے یہ ایک جذباتی فیصلہ ہے، جو مجھے پسند نہیں آیا۔