اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پمز ہسپتال سانحے کی وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق فوری، جامع تحقیقات کی جائیں گی، ذمہ دار پائے جانے والوں کے خلاف سخت ترین کاروائی کو یقینی بنایا جائے گا۔
اپنے بیان میں اسحاق ڈار نے کہا کہ پمز ہسپتال واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتا ہوں،درد ناک واقعے میں 14 نومولود جاں بحق ہوئے۔نائب وزیراعظم نے کہا کہ اللّٰہ تعالیٰ اس مشکل گھڑی میں سوگوار خاندانوں کو صبر، حوصلہ اور استقامت عطا فرمائے، ہمارے بچوں کی حفاظت ہر صورت اولین ترجیح ہونی چاہیے۔خیال رہے کہ پمز ہسپتال کے گائنی وارڈ میں جھلس کر جاں بحق 14 نومولود کے والدین غم سے نڈھال ہیں، والدین نے بچوں کی شناخت کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ کرنے اور ہسپتال انتظامیہ کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کردیا۔
پمز ہسپتال میں آگ لگنے سے 14 نوزائیدہ بچوں کے جاں بحق ہونے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی سیکرٹری صحت اسلم غوری کو معطل کردیا جبکہ سیکرٹری ہاؤسنگ محمد محمود کو سیکریٹری صحت کا اضافی چارج دے دیا۔









