پشاور ہائی کورٹ 41

پشاور ہائیکورٹ میں سپیکر و ڈپٹی سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی کے مراعاتی ایکٹ 2026 کے خلاف آئینی درخواست دائر کر دی

پشاور(رپورٹنگ آن لائن)پشاور ہائیکورٹ میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی کے مراعاتی ایکٹ 2026 کے خلاف آئینی درخواست دائر کر دی گئی۔درخواست گزار محمد ناصر خان نے علی عظیم آفریدی ایڈوکیٹ کی وساطت سے دائر پٹیشن میں وفاقی وزارتِ قانون، صوبائی حکومت، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کو فریق بنایا ہے۔ درخواست مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ خیبر پختونخوا اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر مراعاتی ایکٹ 2026 آئین اور بنیادی حقوق کے سراسر متصادم ہے، جسے پبلک آفس ہولڈرز، ان کے خاندانوں اور عملے کو فائدہ پہنچانے کے لیے وضع کیا گیا ہے۔

پٹیشن میں یہ بھی مؤقف اپنایا گیا ہے کہ اس قانون کے ذریعے عوامی خزانے کو نقصان پہنچا کر مخصوص طبقے کو نوازا گیا ہے، جبکہ فنانس کمیٹی کو بجٹ مختص کرنے اور اضافی مالیاتی ذمہ داریاں پیدا کرنے کا کوئی قانونی اختیار نہیں ہے۔ عدالت عالیہ سے استدعا کی گئی ہے کہ اس مراعاتی ایکٹ کو غیر آئینی قرار دیا جائے اور اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر سمیت اسمبلی سیکرٹریٹ کے فنڈز کی ریکوری اور آڈٹ کا حکم جاری کیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں