شرجیل میمن 19

پاکستان ہمارا وطن، شناخت، امید اور خوابوں کی تعبیر ہے، شرجیل میمن

کراچی (رپورٹنگ آن لائن) سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ہمارا وطن، ہماری شناخت، امید اور خوابوں کی تعبیر ہے، یہ وطن ہمارے شہدا کی امانت، بزرگوں کی قربانیوں کی نشانی اور آنے والی نسلوں کی امید ہے۔اپنے پیغام میں شرجیل انعام میمن نے کہا کہ وہ وطن کے ہر بیٹے اور بیٹی، ہر ماں، بہن اور بزرگ کو یومِ آزادی کی دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

آج کا دن تحریکِ پاکستان کے تمام رہنماؤں، کارکنوں، مجاہدینِ آزادی اور شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا دن ہے جن کی جدوجہد اور قربانیوں کے نتیجے میں پاکستان معرضِ وجود میں آیا۔سینئر وزیر نے کہا کہ آج ہم ان عظیم لوگوں کو بھی یاد کرتے ہیں جنہوں نے پاکستان کا خواب دیکھا اور بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت میں ہمارے بزرگوں نے اس خواب کو حقیقت میں بدلنے کے لیے انتھک جدوجہد کی۔ پاکستان ایک خواب تھا، پھر ایک تحریک اور جدوجہد بنا، قربانیوں کے بعد ایک آزاد ریاست کی صورت میں دنیا کے نقشے پر ابھرا۔انہوں نے کہا کہ آزادی کی جدوجہد میں لاکھوں افراد نے قربانیاں دیں اور اپنے لہو سے وطن کی بنیادوں کو مضبوط کیا۔

وطن کی آزادی اور سلامتی کے لیے اپنے لختِ جگر قربان کرنے والی ماؤں اور ان خاندانوں کو بھی قوم سلام پیش کرتی ہے جنہوں نے ملک کے لیے اپنے پیاروں کی قربانیاں دیں۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ آج ہم آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں تو اس آزادی کے پیچھے لاکھوں قربانیوں کی لازوال داستان موجود ہے۔ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اپنے بزرگوں کی قربانیوں کی قدر کرتے ہوئے پاکستان کو مزید مضبوط، پرامن، مستحکم اور خوشحال بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ یومِ آزادی ہمیں قومی یکجہتی، اتحاد اور ملکی ترقی کے عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے۔ قوم کو چاہیے کہ وہ باہمی اختلافات سے بالاتر ہوکر پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے متحد ہو۔سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو ہمیشہ قائم و دائم رکھے، ملک کو امن و استحکام عطا فرمائے اور پاکستانی عوام کو خوشحالی، ترقی اور سربلندی نصیب کرے۔ آمین۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں