حنیف عباسی 41

پاکستان کی مسلح افواج ملکی دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں، حنیف عباسی

راولپنڈی(رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج ملکی دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔

وہ راولپنڈی میں یوم تکبیر کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر رکن قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب، سردار نسیم احمد، حاجی پرویز خان، راحت قدوسی، اراکین اسمبلی اور کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔ محمد حنیف عباسی نے کہا کہ یوم تکبیر قومی خودمختاری، جرات، استقامت اور دفاعی خود انحصاری کی علامت ہے اور پاکستانی قوم ہر سال اس دن کو تجدید عہد کے طور پر مناتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے عالمی دبا، معاشی پابندیوں اور اربوں ڈالر کی پیشکش کو مسترد کرتے ہوئے اس وقت کے وزیراعظم نواز شریف کی جراتمندانہ قیادت میں ایٹمی دھماکے کیے اور دنیا پر واضح کر دیا کہ قومی سلامتی پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان کے ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھی جبکہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان بیرون ملک آرام دہ زندگی ترک کر کے وطن واپس آئے اور پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ وفاقی وزیر ریلوے نے حالیہ معرکہ حق میں تاریخی کامیابی پر افواج پاکستان کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو منہ توڑ جواب دے کر پوری دنیا میں اپنی دفاعی صلاحیت، قومی اتحاد اور عزم کا لوہا منوایا۔

انہوں نے کہا کہ اس کامیابی میں افواج پاکستان کی پیشہ ورانہ مہارت، جذبہ ایمانی اور قومی یکجہتی نے فیصلہ کن کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی مدبرانہ عسکری حکمت عملی اور وزیراعظم شہباز شریف کی جراتمندانہ قیادت نے دشمن کی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جس کے باعث پاکستان کو عالمی سطح پر عزت و وقار حاصل ہوا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا نے پاک افواج کی صلاحیتوں کا اعتراف کیا اور دشمن کو اپنی جارحیت پر پسپائی اختیار کرنا پڑی۔

محمد حنیف عباسی نے کہا کہ آج عالمی سطح پر پاکستان کے وقار میں اضافہ ہوا ہے جبکہ چین سمیت دوست ممالک نے بھی پاکستان کی قیادت اور افواج پاکستان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین کے اعلی حکام نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت اور خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کا اعتراف کیا ہے۔ انہوں نے بھارت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج ملکی دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں اور اگر دشمن نے دوبارہ کسی جارحیت کی کوشش کی تو اسے پہلے سے زیادہ موثر جواب دیا جائے گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ مشکل حالات کا سامنا کیا اور قیادت و کارکنان نے جیلیں، مقدمات اور سیاسی دبا برداشت کرنے کے باوجود استقامت کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑا۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی کارکن آج بھی اسی جذبے کے ساتھ قیادت کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں جیسے ماضی کے آزمائشی ادوار میں کھڑے رہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور ادارہ 30 جون 2026 تک 100 ارب روپے سے زائد آمدن کا ہدف حاصل کر لے گا۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے میں اصلاحات، ترقیاتی منصوبوں اور عوامی سہولیات کی بہتری کے لیے موثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ محمد حنیف عباسی نے وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف اور صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کا مختلف ترقیاتی منصوبوں میں تعاون پر شکریہ بھی ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی ایک بار پھر مسلم لیگ (ن)کا مضبوط سیاسی مرکز ثابت ہو گا اور عوام ترقی، استحکام اور خدمت کی سیاست کو ہی کامیاب بنائیں گے۔

اس موقع پر رکن قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب نے اپنے خطاب میں کہا کہ 28 مئی پاکستان کی تاریخ کا وہ یادگار دن ہے جب سابق وزیراعظم نواز شریف نے چاغی کے مقام پر ایٹمی دھماکے کر کے پاکستان کو دنیا کی پہلی اسلامی ایٹمی طاقت بنایا۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا نے دیکھا کہ پاکستان کے پاس وہ قوت، صلاحیت اور جذبہ ایمانی موجود ہے جس کی بدولت قوم نے معرکہ حق میں تاریخی کامیابی حاصل کی۔

انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیراعظم شہباز شریف کی بہترین حکمت عملی نے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا جبکہ اس کامیابی کے بعد عالمی سطح پر پاکستان کے وقار اور پاکستانی پاسپورٹ کی عزت میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ تقریب کے اختتام پر یوم تکبیر کی 28ویں سالگرہ کا کیک کاٹا گیا جبکہ شرکا نے پاکستان کی سلامتی، ترقی اور استحکام کے لیے خصوصی دعائیں بھی کیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں