اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) عالمی بینک نے کہا ہے کہ ڈیٹ سروس سپینشن انیشی ایٹو (قرضوں کی واپسی میں التوا کے اقدامات) ڈی ایس ایس آئی کے تحت پاکستان کو قرضوں کی واپسی میں 2.705 ارب ڈالر کی بچت ہوگی ۔ عالمی بینک کی رپورٹ کے مطابق قرضوں کی و اپسی میں سہولت کے پروگرام سے دنیا کے غریب ترین ممالک کو 11.54 ارب ڈالر کی سہولت حاسل ہوگی۔
کووڈ۔ 19 کی وبا کے تناظر میں ڈی ایس ایس آئی کے تحت بچت قلیل مدت کے لئے گی جو رواں سال کے آخر تک دستیاب ہوگی۔ قرضوں کی ادائیگی بالکل ختم نہیں کی گئی بلکہ کچھ عرصہ کیلئے موخر کی گئی ہے۔ عالمی بینک نے کہا ہے کہ ڈی ایس ایس آئی کیلئے جی ٹوئنتی ممالک، عالمی بینک ، عالمی مالیاتی فنڈ اور پیرس کلب نے معاونت فراہم کی ہے۔
ورلڈ بینک گروپ نے ڈی ایس ایس آئی کے حوالہ سے معلومات کی فراہمی کیلئے ون سٹاپ کی ورچوئل سہولت کا آغاز کیا ہے جس میں ہر استفادہ کرنے والے ملک کے اعدادوشمار دستیاب ہیں کہ اس کو قرضوں کی واپسی کی صورت میں کتنی سہولت حاصل ہوگی۔ عالمی بینک کا تخمینہ ڈالر کی قدر اور مجموعی قومی پیداوار ( جی ڈی پی) کی مناسبت سے مرتب کیا گیا ہے۔
ورلڈ بینک گروپ کے صدر ڈیوڈ ملپاس نے کہا ہے کہ قرضوں کی واپسی سے سہولت کے اعدادوشمار کی بروقت فراہمی سب کیلئے انتہائی اہم ہے۔