موبائل فونز 14

پاکستان میں موبائل فونز کی مقامی پیداوار میں نمایاں اضافہ

کراچی (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان میں موبائل فونز کی مقامی پیداوار میں جولائی کے دوران نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، مقامی صنعت نے ایک ماہ میں ملکی طلب کا تقریباً 97 فیصد پورا کرلیا۔پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے مطابق جولائی 2026 میں مقامی موبائل فون پیداوار میں ماہانہ بنیاد پر 102 فیصد جبکہ سالانہ بنیاد پر 9 فیصد اضافہ ہوا۔

جولائی کے دوران ملک میں مقامی طور پر 39 لاکھ موبائل فون تیار کیے گئے۔پی ٹی اے کے اعداد و شمار کے مطابق جولائی میں موبائل فونز کی درآمدات سالانہ بنیاد پر 35 فیصد کمی کے بعد ایک لاکھ 10 ہزار یونٹس رہ گئیں، جبکہ مقامی موبائل فون اسمبلنگ نے ملکی طلب کا 97 فیصد پورا کیا۔ مئی میں مقامی اسمبلنگ ملکی طلب کا 75 فیصد پورا کر رہی تھی، یوں چند ماہ کے دوران مقامی پیداوار کا ملکی طلب میں حصہ نمایاں طور پر بڑھا ہے۔اعداد و شمار کے مطابق جنوری سے جولائی 2026 کے دوران مقامی موبائل فون پیداوار 5 فیصد کمی کے بعد ایک کروڑ 70 لاکھ یونٹس رہی۔

اس عرصے میں مقامی موبائل فون اسمبلنگ نے ملکی طلب کا 86 فیصد پورا کیا۔رپورٹ کے مطابق بجٹ سے قبل صارفین کی جانب سے موبائل فونز کی خریداری مؤخر کیے جانے کے بعد جولائی میں طلب میں دوبارہ بحالی ہوئی، جس کے نتیجے میں مقامی پیداوار اور اسمبلنگ میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا۔موبائل فونز کی مقامی پیداوار میں اضافے سے نہ صرف درآمدات پر انحصار کم ہونے کی توقع ہے بلکہ ملک میں موبائل فون اسمبلنگ اور متعلقہ صنعتوں کے فروغ کے امکانات بھی بڑھ گئے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں