بلاول بھٹو زرداری 36

پاکستان اور چین کا تعلق ہر نسل کے ساتھ مزید مضبوط ہوا ہے،بلاول بھٹو زرداری

کراچی (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان اور چین کی دیرینہ دوستی کو لازوال رشتہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ تعلق ہر نسل کے ساتھ مزید مضبوط ہوا ہے اور باہمی اعتماد، مشترکہ وژن اور غیر متزلزل تعاون کی روشن مثال ہے۔ میڈیا سیل بلاول ہاس سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق، پی پی پی چیئرمین نے پاک چین دوستی کی 75ویں سالگرہ کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ موقع پاکستان پیپلز پارٹی کے لیے انتہائی فخر کا باعث ہے، جس کی قیادت کی تین نسلوں نے پاک چین تعلقات کی بنیاد رکھنے اور انہیں مزید مضبوط بنانے میں تاریخی کردار ادا کیا ہے۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے چیئرمین ما زے تنگ کے ساتھ مل کر اس تاریخی تعلق کی بنیاد رکھی۔ انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کو یہ اعزاز حاصل تھا کہ وہ چیئرمین ما ؤسے ملاقات کرنے والے آخری غیر ملکی رہنما تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس دور میں قائم ہونے والا یہ رشتہ آج “ہمالیہ سے بلند، سمندروں سے گہرا اور شہد سے زیادہ میٹھی” دوستی کے طور پر جانا جاتا ہے۔پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ ان کی جماعت کی سیاست اور نظریات شروع سے ہی عوامی جمہوریہ چین کے سیاسی فلسفے سے متاثر رہے ہیں۔

انہوں نے یاد دلایا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اکثر ما کیپ پہنا کرتے تھے، جبکہ پیپلز پارٹی کی سیاسی جدوجہد اور منشور میں بھی چیئرمین ما کی سیاست کی جھلک نظر آتی تھی۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے کردار کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جمہوری جدوجہد کی روایت کو آگے بڑھایا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی لانگ مارچ کی سیاست بھی چیئرمین ما کی سیاسی تحریک سے متاثر تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے خود بھی پارٹی کی جمہوری روایات کو جاری رکھتے ہوئے عمران خان حکومت کے خلاف لانگ مارچ کی قیادت کرچکے ہیں۔

پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ آج دنیا کا ہر ملک چین سے دوستی کرنا چاہتا ہے کیونکہ چین نے معاشی اور عالمی سطح پر غیر معمولی ترقی کی ہے، لیکن پاکستان نے اس وقت چین کا ساتھ دیا جب بہت سے دوسرے ممالک ایسا کرنے سے گریزاں تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اس بات پر فخر ہے کہ چین کے ساتھ اس کی دوستی ہر قسم کے علاقائی اور عالمی حالات کے باوجود ہمیشہ مضبوط اور مستقل رہی ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ چین کے ساتھ دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا واحد پہلو ہے جس پر ملک کی تمام سیاسی جماعتوں کا مکمل اتفاق ہے، جو اس تعلق کی اہمیت اور عوامی اعتماد کا مظہر ہے۔ انہوں نے صدر مملکت آصف علی زرداری کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کی بنیاد رکھنے میں خاص طور پر گوادر پورٹ کی ٹرانسفرمیشن اور اس بڑے منصوبے کے آغاز کے ذریعے کلیدی کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری نے پاک چین تعلقات کو سی پیک کے دور میں داخل کیا، جس کے ثمرات آج دونوں ممالک حاصل کر رہے ہیں۔ سی پیک 2.0 کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے امید ظاہر کی کہ تعاون کا اگلا مرحلہ دونوں ممالک کے عوام اور کاروباری حلقوں کے لیے نئے اور وسیع مواقع پیدا کرے گا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ سندھ حکومت چین کے ساتھ مزید تعاون، تجارت، سرمایہ کاری اور معاشی روابط کے فروغ میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔ اس موقع پر پاکستان کی خاتونِ اول بی بی آصفہ بھٹو زرداری، وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ اور دیگر معزز شخصیات بھی موجود تھیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں