برآمدات

پاکستان اورمغربی ایشیا کے ممالک کے درمیان تجارت کے حجم میں اضافہ، برآمدات میں 15فیصد،درآمدات میں 18فیصد نموریکارڈ

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) سعودی عرب، یواے ای،بحرین، ترکی اورمغربی ایشیا کے دیگرممالک سے دوطرفہ تجارت کے حجم میں جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں اضافہ ریکارڈکیاگیاہے،پہلی سہ ماہی میں مغربی ایشیا کے ممالک کوپاکستان کی برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر15فیصد اوران ممالک سے درآمدات میں 18فیصدکی نموریکارڈکی گئی ہے۔

سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں سعودی عرب، یواے ای،بحرین، ترکی اورمغربی ایشیا کے دیگرممالک کوبرآمدات سے ملک کو1.034 ارب ڈالرزرمبادلہ حاصل ہواجوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 15فیصدزیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں مغربی ایشیا کے ممالک کوبرآمدات سے ملک کو901.23ملین ڈالرزرمبادلہ حاصل ہواتھا،ستمبرمیں مغربی ایشیا کے ممالک کوپاکستان کی برآمدات کاحجم 322.97ملین ڈالرریکارڈکیاگیا جواگست میں 338.40ملین ڈالراورگزشتہ سال ستمبرمیں 330.62ملین ڈالرتھا، مالی سال 2024میں مغربی ایشیا کے ممالک کوپاکستان کی مجموعی برآمدات کاحجم 3.947ارب ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔

سٹیٹ بینک کے مطابق جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں مغربی ایشیا کے ممالک سے درآمدات پر4.827 ارب ڈالرزرمبادلہ خرچ ہواجوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 18فیصدزیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں مغربی ایشیا کے ممالک سے درآمدات پر4.102 ارب ڈالرزرمبادلہ خرچ ہواتھا۔ستمبرمیں مغربی ایشیا کے ممالک سے درآمدات کاحجم 1.660 ارب ڈالرریکارڈکیاگیا جواگست میں 1.708 ارب ڈالر اورگزشتہ سال ستمبرمیں 1.501 ارب ڈالرتھا، مالی سال 2024میں مغربی ایشیا کے ممالک سے درآمدات کاحجم 17.51 ارب ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔