اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)پی ٹی آئی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے وی پی اینز کو بلاک کرنے پر حکومت پر تنقید کرتے ہوئے اسے ناقابل قبول اور ناقابل برداشت قرار دیا۔ا یک انٹرویو میں انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر مسلسل پابندی کی مذمت کی اور کہا کہ حکومت کو سوشل میڈیا صارفین کو دبانے کے بجائے شہریوں کو دہشت گردوں کے خطرات سے بچانے کے لیے فائر وال لگانی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت، دہشت گردوں سے نمٹنے کے لیے ایک مضبوط حکمت عملی کے بجائے سوشل میڈیا کو کنٹرول کرنے کو ترجیح دے رہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ حکام شہریوں کو اپنی پالیسیوں اور غلط کاموں کے بارے میں اندھیرے میں رکھنے کے لیے سوشل میڈیا کو مسخ کرنے کے لیے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کر رہے ہیں۔شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ حکومت کی غلط ترجیحات کا اندازہ ملک کے مستقبل اور لوگوں کی فلاح و بہبود کے بارے میں ان کی عدم تشویش سے لگایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف اور ان کے ساتھی دنیا سے قرضوں کی بھیک مانگ رہے ہیں، لیکن سوشل میڈیا پر لگام ڈالنے کے لیے فائر وال پر اربوں روپے اڑا چکے ہیں۔ وقاص اکرم نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ سوشل میڈیا صارفین اور سیاسی مخالفین کو نشانہ بنانے کے لیے فائر وال نہ لگائے، بلکہ اسے دہشت گردوں کے خلاف استعمال کرے جو روزانہ کی بنیاد پر معصوم لوگوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ا نہوں نے مزید کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے دور میں، حکومت اپنی خود کو نوازنے اور ایجنڈے پر مبنی پالیسیوں سے صنعت کو تباہ کرنے کے لیے پرعزم دکھائی دیتی ہے۔وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ انٹرنیٹ سروس میں مسلسل رکاوٹوں سے ٹیکنالوجی کے شعبے بشمول آئی ٹی کمپنیوں، سافٹ ویئر ہاسز، فری لانسرز اور بینکوں پر تباہ کن نتائج مرتب ہو رہے ہیں۔انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ بلاتعطل انٹرنیٹ سروسز کو یقینی بنائے اور ملک کو مزید مسائل کی دلدل میں نہ دھکیلے۔